وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان سے پنشنرز ایسوسی ایشن آزادکشمیر کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان سے پنشنرز ایسوسی ایشن آزادکشمیر کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں پنشنرز نمائندگان راجہ اختر حسین، راجہ ممتاز، راجہ ظفر،بشیر ترین، غلام محمد عارف، حمید اللہ، محمد منظور، شیخ کامل دین، نواز اعوان، چوہدری

عبدالمجید ودیگر شامل تھے۔ وفد نے وزیر اعظم آزادکشمیر کوبزرگ پنشنرز کے مسائل حل کرنے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ ملاقات میں پنشنرز ایسوسی ایشن کے وفد نے گروپ انشورنس میں سابقہ ریٹائرڈ ملازمین کو مراعات دینے اورپنشنرز کے لیے سہولت سنٹر اور میڈیکل کی مراعات کا مطالبہ کیا جس پر وزیر اعظم نے کہا کہ گروپ انشورنس کے مطالبہ کو کابینہ کمیٹی میں لے جایا جائے گا۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ پنشنرز کے لیے سیکرٹریٹ میں سہولت سنٹر قائم کریں گے اور میڈیکل کی مراعات بھی پاکستان کی طرز پر دی جائیں گی۔انہوں نے کہاکہ پنشنر فنڈ قائم کر کے پنشنرز کی رائے بھی لی جائے گی جس سے پنشنر ز کوفائدہ پہنچے گا۔وزیر اعظم نے کہا کہ بزرگ پنشنرز کو سہولیات کی فراہمی کے لیے حکومت تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔ ہم نے ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کے مسائل کو حل کرنے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔ مسلم لیگ ن کی حکومت نے یتیموں اور بیووؤں کے لیے خصوصی فنڈ کا قیام عمل میں لایا تاکہ ان کے مسائل کم ہو سکیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پنشنرز نے اپنی زندگی کا قیمتی حصہ ریاست کی خدمت میں لگایا ہے اس لیے وہ ریاست کے لیے قابل احترام اور ان کے مسائل حل کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ پنشنرز کے مسائل حل کریں گے تاکہ وہ معاشرہ میں باوقار انداز میں زندگی گزار سکیں۔

close