آزاد کشمیر میں کوئی بھی شہری محض آمدن کی کمی کی وجہ سے لا علاج نہیں رہے گا، بیرسٹر سلطان محمود کا خطاب

راولاکوٹ (پی این آئی) آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف آزاد جموں و کشمیر کے صدرورکن پاکستان تحریک انصاف مرکزی کورکمیٹی بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ ہم وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے مشکور ہیں کہ انھوں نے آزاد کشمیر میں ہر فرد کے لئے ہیلتھ کارڈ دیا

جسکی وجہ سے اب آزاد کشمیر میں اب محض کم آمدن کی وجہ سے کوئی لاعلاج نہیں رہے گا۔وفاقی حکومت نے دیگر پراجیکٹس جن میں احساس پروگرام، اپنا گھر ہاؤسنگ اسکیم جیسے پروگرام بھی آزاد کشمیر میں دئیے ہیں جن سے جہاں آزاد کشمیرمیں تعمیر و ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا وہاں عوام کا معیار زندگی بھی بہتر ہو گا۔پونچھ غازیوں اور شہیدوں کی دھرتی ہے یہاں سے تحریک آزادیء کشمیر کا آغاز ہوا۔ میں جب وزیر اعظم تھا تو میں نے راولاکوٹ کو ہل اسٹیشن بنانے کے لئے آزاد پتن گوئیں نالہ روڈ تعمیر کرائی جس سے راولاکوٹ کا اسلام آباد سے فاصلہ کم ہوا۔ لیکن بعد میں آنے والی حکومتوں نے اس پر کوئی توجہ نہیں دی او ر اب یہ سڑک زبوں حالی کا شکار ہے۔ انشا ء اللہ پی ٹی آئی اقتدار میں آکر یہاں پر ٹورازم کے فروغ کے لئے خصوصی پیکج دے گی جس سے جہاں علاقے میں سیاحت آگے بڑھے گی وہاں پر بے روزگاری کے مسئلے پر قابو پانے میں بھی بڑی حد تک مدد ملے گی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں راولاکوٹ میں پونچھ ڈویژن کے لئے قومی ہیلتھ کارڈ کی فراہمی کے سلسلے میں بریفنگ کے موقع پرایک تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف خواتین ونگ کی صدر و پارلیمانی سیکریٹری برائے صحت ڈاکٹر نوشین حامد نے اپنے خطاب میں کہا کہ آزاد کشمیر

میں قومی ہیلتھ کارڈ ہر شہری کو دیا جارہاہے اور اس سلسلے میں کچھ جگہوں پر شکایات اور حائل مشکلات کے ازالے کے لئے ہم اپنی کوشش جاری رکھے ہوئے ہیں اور عوام کو درپیش مشکلات جلد حل ہو جائیں گے۔وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق تعلیم صحت سب کے لئے کے تحت اب آزاد کشمیر کے ہر فرد کو ہیلتھ کارڈ کی فراہمی کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے اور اب کوئی بھی شخص محض آمدن کی کمی کی وجہ سے لا علاج نہیں رہے گا۔انھوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی قیادت میں تاریخ ساز کامیابی حاصل کرے گی اور انشا ء اللہ آزاد کشمیر میں آئندہ حکومت تحریک انصاف کی ہوگی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں