مظفرآباد (پی این آئی) مسلم لیگ ن کے اہم رہنما ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شامل ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کو سیاسی طور پر اچانک بڑے دھچکے کا سامنا کرنا پڑا ہے، حلقہ ایل اے 45 ویلی 5 سے تعلق رکھنے والے سابق امیدوار نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔ مسلم لیگ ن
کے سابق امیدوار اور رہنما بشیر خان نے ساتھیوں سمیت تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی سے ملاقات کی اور اپنی پارٹی سے راہیں جدا کر کے تحریک انصاف کا حصہ بننے کا اعلان کر دیا۔بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے صدر سلطان محمود، راجہ منظور اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیارکر کے وزیراعظم عمران خان کی قیادت اور تحریک انصاف کے منشور پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔چیف آرگنائزرسیف اللہ نیازی نے بشیرخان اور ساتھیوں کی پارٹی میں شمولیت کا خیر مقدم بھی کیا۔قبل ازیں بلوچستان سے منتخب ہونے والے آزاد سینیٹر عبدالقادر نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی اور تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ واضح رہے کہ چار روز قبل پاکستان کے معروف سیاسی رہنما منیر احمد خان نے وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔ خیال رہے کہ اپوزیشن سینیٹ انتخابات کے لیے تیاری کر رہی ہے اور اس حوالے سے پی ڈی ایم نے یوسف رضا گیلانی کو اپنا مشترکہ امیدوار بھی نامزد کیا ہے، ایسے میں ن لیگ کے اہم رہنما کو تحریک انصاف میں شامل ہونا ن لیگ کے لیے بڑا دھچکا ثابت ہو سکتا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں