راولپنڈی،مظفرآباد (پی این آئی) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے قائد و سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ ملک میں قانون کی بالادستی اور انصاف کی فراہمی میں وکلاء برادری کا کردار مرکزی اہمیت کاحامل ہے، وکلاء کی قیادت اعزاز کے ساتھ ساتھ بھاری ذمہ داری بھی ہے وہ گزشتہ
روزراولپنڈی ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نو منتخب صدر سردار رازق خان ایڈووکیٹ کو مبارکباد دینے کے بعد وکلاء سے بات چیت کررہے تھے، سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ سردار رازق خان کاانتخاب آزاد کشمیر کے عوام کے لئے بھی ایک اعزاز ہے وہ ایک منجھے ہوئے وکیل ہیں، قانون کی سربلندی اور قانون کا احترام کسی بھی معاشرے کے لئے ضروری ہوتا ہے، اگر قانون کی حاکمیت نہ ہو تو معاشروں میں جنگل کا قانون لاگو ہوتا ہے اور قانون کی حاکمیت میں وکلاء کمیونٹی کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہوتا ہے، انہوں نے کہا کہ کشمیر ایک قانونی مقدمہ ہے اس مقدمے کی قانونی بنیادوں پر رہ کرہی ہم دنیا میں سفارتی محاذ پر کامیابیاں حاصل کرسکتے ہیں، وکلاء کو اپنے پیشہ وارانہ امیدکے ساتھ مسئلہ کشمیر کے قانونی نکات اور پہلوؤں پر بھی غور و فکر اور تحقیق کرنی چاہیے، سردار عتیق احمد نے کہاکہ مسلم کانفرنس ریاست جموں وکشمیر کے عوام کے حقوق کی محافظ اور علمبردار ہے ریاستی جماعت ہونے کی حیثیت سے اس جماعت کا مستقبل میں بھی اہم رول ہے، قانون کی سربلندی میں وکلاء کے ساتھ ہیں، اس موقع پر سردار رازق خان نے سردار عتیق احمد خان کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ مسئلہ کشمیر سمیت تمام امور پر وکلاء کی مشاورت، حمایت انھیں حاصل رہے گی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ مسلم کانفرنسی سیکرٹری جنرل مہرالنساء، ممبر قانون
ساز اسمبلی سردار صغیر خان چغتائی، خواجہ محمد جاوید، سردار خلیق ودیگر موجود تھے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں