سردار سکندر حیات خان کی قیادت میں مسلم کانفرنسی کارکن شاندار کامیابی حاصل کریں گے، سردار عتیق احمد خان کی وفود سے گفتگو

راولپنڈی، مظفرآباد (پی این آئی) سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان سے سٹی صدر مظفرآباد و امیدوار اسمبلی شیخ مقصود احمد، مسلم کانفرنس عوام رابطہ بورڈ کے سینئر وائس چیئرمین مشتاق قریشی، ایم سی ضلع سدھنوتی کے صدر سردار عابد رزاق، ریٹائرڈ ڈی جی لوکل گورنمنٹ ارشد عباسی، راجہ مسعود خان ودیگر

نے مجاہد منزل میں ملاقات کی، ملاقات کے دوران قانون ساز اسمبلی آزاد جموں وکشمیر کے آمدہ عام انتخابات اور موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا، کانفرنسی رہنماؤں نے سردار عتیق احمد خان کو سردار سکندر حیات خان کی واپسی اور سپریم ہیڈ بنانے پر مبارکباد پیش کی،اس موقع پر سردار عتیق احمد خان نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی آزادی اور حق خودارادیت تکمیل پاکستان مسلم کانفرنس کا مشن ہے، اس مقصد کے لئے کشمیری عوام نے طویل عرصہ سے قربانیوں کا سلسلہ شروع کررکھا ہے مسلم کانفرنس ریاستی تشخص او ر آزادی کے نظریہ پر عمل پہرا ہے، یہ قائد کشمیر چوہدری غلام عباس، مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان کا راستہ ہے، سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ مسلم کانفرنسی کارکن اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں، ابھی بہت سے کانفرنسی اپنے گھر آئیں گے، رہنماء و کارکن جماعت کی کامیابی کیلئے اپنا اپنا کردار ادا کریں، انشاء اللہ سالار جمہوریت سپریم ہیڈ مسلم کانفرنس سردار سکندر حیات خان کی قیادت میں شاندار کامیابی حاصل کریں گے انشاء اللہ موقع ملا تو ایک بار پھر خطہ میں تعمیر و ترقی ریاستی عوام کی خوشحالی کیلئے اپنی خدمات سرانجام دیں گے اور ایک بار پھر اپنے ادھورے مشن کو پائیہ تکمیل تک پہنچائیں گے، دریں اثناء سردار عتیق احمد خان شفا ء انٹر نیشنل اسلام آباد جا کر سجادہ نشین دربار عالیہ سالک

آباد دواریاں میاں محمد شفیع جھاگوی کی عیادت کی اور ان کی صحت یابی کے لئے دعا کی۔اس موقع پر ان کے ہمراہ مسلم کانفرنسی کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close