راولپنڈی (پی این آئی) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے قائدوسابق وزیراعظم سردار عتیق احمدخان نے کہا ہے کہ سالار جمہوریت سردار سکندر حیات خان آزاد کشمیر کے سینئر ترین اور قدرآور شخصیت ہیں۔ان کاشمار مجاہداول سردار عبدالقیوم خان کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا ہے۔ مسلم کانفرنس ریاستی جماعت ہے جس
کا شاندار تاریخی کردار ہے۔ مسلم کانفرنس کا 1975 سے لے کر 1985 تک نہایت مشکل دور تھا جس دور میں جیلیں بھری ہوئی تھیں لیکن سالار جمہوریت اس مشکل ترین وقت میں بھی مسلم کانفرنس اور مجاہد اول سردار عبدالقیوم خان کے ساتھ کھڑے رہے۔ انہوں نے کہاکہ مسلم کانفرنس دو قومی نظریے کی وارث سیاسی جماعت ہے۔ ان خیالات کااظہار قائد مسلم کانفرنس نے مجاہد منزل راولپنڈی میں مسلم کانفرنس ضلع راولپنڈی اور اسلام کی طرف سے منعقدہ ایک خیر مقدمی /تہنیتی پروگرام کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سالار جمہوریت سردار سکندر حیات خان کی مکمل صحت یابی، مسلم کانفرنس کی کامیابی کی دعا کی گئی۔ اس تقریب میں سیکرٹری جنرل مسلم کانفرنس محترمہ مہرالنساء، مسلم کانفرنس ضلع راولپنڈی کے صدر ساجد قریشی، اسلام آباد کے صدر سردار عاصم زاہد عباسی، مسلم کانفرنس شعبہ خواتین ضلع راولپنڈی کی صدر شہنا ز خان، پبلسٹی بورڈ کے چیئرمین راجہ محمد لطیف حسرت، سینئر وائس چیئرمین راجہ محمدزرین خان، مسلم کانفرنس ضلع سدھنوتی کے صدر سردار عبدالرزاق،مسلم کانفرنس شعبہ خواتین کی چیئرپرسن افشاں سعید چوہدری، وائس چیئرپرسن ریحانہ خان، سردار منظور حسین خان،مسلم کانفرنس یوتھ ونگ کے عامرنور
عباسی، ڈاکٹر عابد عباسی، رانا غلام حسین ودیگر کی طرف سے سالار جمہوریت کی مسلم کانفرنس میں واپسی اور سپریم ہیڈ کاعہدہ سنبھالنے پر اظہار تشکر کے لئے قائدمسلم کانفرنس سردارعتیق احمدخان کو گلدستے پیش کیے گئے۔اس موقع پر سردار ساجد قریشی کی طرف سے مٹھائی بھی تقسیم کی۔سردارعتیق احمدخان نے راولپنڈی اسلام آباد اور دیگرعلاقوں سے آنے والوں لوگوں کاشکریہ ادا کیا اور اس عزم کااعادہ کیا کہ مسلم کانفرنس سالار جمہوریت سردار سکندر حیات خان کی عزت وقار کی بحالی اور ان کو جائز مقام دے گی۔قائد مسلم کانفرنس نے کہاکہ عمر کے اس آخری حصے میں سردارسکندر حیات خان نے مسلم کانفرنس کاپرچم تھام کر آزادکشمیر کی نظریاتی قوتوں کو جوپیغام دیا ہے اس کے اثرات جلد سامنے آئیں گے۔ جماعتی کارکن صبر اور استحکامت کے ساتھ حالات کاانتظار کریں۔ انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر بھر میں سردار سکندر حیات خان کے فیصلے کا بھرپور خیر مقدم کیاجارہا ہے نہ صرف مسلم کانفرنس بلکہ دوسری جماعتوں کے لوگ بھی مسلم کانفرنس کی مضبوطی پر خوشی کااظہار کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مسلم کانفرنس کو بائی پاس نہیں کیاجاسکتا۔ انہوں نے کہاکہ سردار سکندر حیات خان کے اعزاز میں آئندہ چند روز آزادکشمیر کے تینوں ڈویژن مظفرآباد، راولاکوٹ اور میرپور ڈویژن میں بھرپور خیر مقدمی کے اجتماعات منعقد کیے جائیں گے۔انہوں نے
کہاکہ مسلم کانفرنس ریاستی تشخص اور نظریاتی استحکام کی خاطر پوری قوت اور طاقت کے ساتھ الیکشن میں جائے گی اور ان شاء اللہ سالار جمہوریت سردار سکندر حیات خان کی قیادت میں کامیابی حاصل کریگی۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں