کوٹلی (پی این آئی) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے سپریم ہیڈ اور سابق وزیراعظم سردار سکندر حیات خان نے کہا ہے کہ مسلم کانفرنس ریاست جموں وکشمیر کے عوام کی اولین نمائندہ جماعت ہے تحریک آزادی کے لئے مسلم کانفرنس کی قربانیاں تاریخ کاحصہ ہیں اور مسلم کانفرنس کے اکابرین نے اس جماعت کے لئے
آگ اور خون کے درمیان عبور کیے ہیں یہی جماعت ریاست کاتشخص اور لوگوں کی عزت نفس کو قائم رکھ سکتی ہے۔مسلم کانفرنس ہمارے آباؤ اجداد کی جماعت ہے جو نظریہ الحاق پاکستان کی حقیقی داعی ہے اور اس کے قائدرائیس الاحرار چوہدری غلام عباس مرحوم کو قائداعظم محمد علی جناح نے کہا تھا کہ برصغیر کے کروڑوں مسلمان آپ کی پشت پرہیں۔ ریاست جموں وکشمیر کے کی صورتحال اس با ت کی متقاضی ہے کہ ریاست کی نمائندہ جماعت سواداعظم مسلم کانفرنس کی وہ پوزیشن بحال کی جائے جو 1985اور اس سے قبل حاصل تھی۔انہوں نے کہاکہ مسلم کانفرنس ریاست جموں وکشمیر کے عوام کی اولین نمائندہ جماعت ہے۔تحریک آزادی کے لئے مسلم کانفرنس کی قربانیاں تاریخ کاحصہ ہیں میں نے اپنے دور حکومت میں کشمیر لبریشن سیل کے قیام سمیت کئی اور اقدامات کیے۔تحریک آزادی کی تقویت کے لئے سپریم ہیڈکاعہدہ قبول کیا ہے تاکہ ہم سب مل کر مسلم کانفرنس کو مضبوط بنائیں یہی کشمیریوں کی موثر آواز،استحکام اور دفاع پاکستان کی ضامن جماعت ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ ہم اپنے فرض سے غافل نہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز مسلم کانفرنس کے سینئروائس چیئرمین تحریک آزادی بورڈ اور سینئر نائب صدر جموں وکشمیر ہیومن رائٹس موومنٹ انٹرنیشنل پیرزادہ محمد افسر سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ اس
موقع پر پیرزادہ محمد افسر نے کہاکہ سالار جمہوریت سردار سکندر حیات خان کا مسلم کانفرنس کے سپریم ہیڈ بننے سے مقبوضہ کشمیر میں خوشی کا سماں ہے۔تحریک آزادی کشمیر کے لیے غازی کشمیر اور سالار جمہوریت کی قربانیاں اور خدمات تاریخ کاحصہ ہیں۔مجاہد اول کے بعد آپ کا سپریم ہیڈ بننا کشمیریوں کے لئے حوصلے کا پیغام ہے۔کشمیریوں کو اب امید ہوچکی ہے کہ اب آپ کی قیادت اور رہنمائی مسلم کانفرنس پہلے کی طرح کشمیر کی آزادی کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریگی۔اب مسلم کانفرنس میں لوگوں کی واپسی کاسلسلہ شروع ہوگیا ہے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں