پی ٹی آئی کشمیر اقتدار میں آ کر صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے عملی اقدامات اٹھائے گی، بیرسٹر سلطان محمود کا اعلان

مظفرآباد (پی این آئی) آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم و پی ٹی آئی آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ میں نے اپنے دور حکومت میں پریس فاؤنڈیشن کی بنیاد رکھی تھی اوراسوقت اس میں دس لاکھ روپے کا فنڈ بھی دیا تھا لیکن بعد میں آنے والی حکومتوں نے اس پر کوئی توجہ

نہیں دی اور وہ دس لاکھ روپے جوکہ ٹوکن منی دئیے تھے وہ آج بھی اسی طرح اس میں پڑے ہیں۔ لیکن انشاء اللہ اب پی ٹی آئی کشمیر اقتدار میں آکرصحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے عملی اقدامات اٹھائے گی اور پریس فاؤنڈیشن کودوبارہ صحیح طرح سے فعال بنایا جائے گا تاکہ صحافیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہو سکیں۔دس فروری کو افضل گروو کی برسی تھی جبکہ گیارہ فروری کو مقبول بٹ شہید کی برسی تھی مقبوضہ کشمیر کے عوام تو اپنی جانوں کی قربانیاں دیکر تحریک آزادیء کشمیر کو اپنے خون سے سینچ رہے ہیں لیکن ہم یہاں آزادی کے بیس کیمپ سے انکے لئے کیا کر رہے ہیں۔میں نے اپنے تئیں ملین مارچز کیے جن میں 2014ء میں لندن میں ٹرائفلگر اسکوائرسے ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ تک ملین مارچ کیا جبکہ 2015 ء میں نیویارک میں اقوام متحدہ کے سامنے ملین مارچ کیا جبکہ 2016 ء میں بیلجئیم میں برسلز میں یورپی یونین اور یوپی پارلیمنٹ کے سامنے اسی طرح 2017ء میں آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن میں ملین مارچ کیا اسی طرح 2018 ء میں جرمنی میں برلن میں دیوار برلن پر ملین مارچ کیا۔ جس سے دنیا کی توجہ مسئلہ کشمیر کی جانب مبذول ہونے میں خاصی مدد ملی۔اب وہ وقت قریب آرہا ہے دیوار برلن کیطرح کنٹرول لائن ٹوٹ کر رہے گی، ریاست جموں وکشمیر کے دونوں اطراف سے کشمیری کنٹرول لائن کی طرف مارچ کرینگے اور کنٹرول لائن کو

روندھ دینگے جس طرح جرمنوں نے دونوں اطراف سے مارچ کر کے دیوار برلن کوروندھ دیا تھا، بھارت دفاعی پوزیشن پر آچکا ہے اور وزیراعظم عمران خان نے واضح کردیا ہے کہ اب پہلے کشمیر پر بات ہوگی دو طرفہ نہیں بلکہ سہ فریقی مذاکرات ہونگے جس میں کشمیری قیادت بنیادی فریق کی حیثیت سے شریک ہوگی ورنہ مذاکرات نہیں ہونگے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دارالحکومت مظفرآباد میں آزادکشمیر سینٹرل یونین آف جرنلسٹس ضلع مظفرآباد کے نومنتخب عہدیداران و ممبران مجلس عاملہ کی تقریب حلف برداری سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر تقریب آزادکشمیر سنٹرل یونین آف جرنلسٹس کے مرکزی سیکرٹری جنرل طاہر احمد فاروقی تھے۔ تقریب سے سینٹرل یونین آف جرنلسٹس مظفرآباد کے صدر گلزار احمدعثمانی، سابق صدر سینٹرل یونین آف جرنلسٹس و سینٹرل پریس کلب واحد اقبال بٹ نے خطاب کیا۔ الیکشن کمشنر سردار دلپذیرعباسی نے نومنتخب عہدیداران کی کامیابی کا نوٹیفکیشن پڑھ کر سنایا اور انہیں مبارکباد دی، سینٹرل یونین آف جرنلسٹس کے سابق سیکرٹری جنرل غلام رضا کاظمی نے سٹیج کے فرائض نومنتخب سیکرٹری جنرل محمد اقبال میر کو تفویض کیئے، تقریب میں وائس چیئرمین پریس فاؤنڈیشن نے ہدیہ نعت شریف کی سعادت حاصل کی، الیکٹرانک اینڈ فوٹو جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے سابق صدر عارف عرفی

نے شہدائے جموں کشمیر کے ایصال ثواب کیلئے دعا کروائی جبکہ تلاوت کلام پاک کی سعادت حاصل کرنے کا اعزاز قاضی عبدالباری نے کیا،سابق وزیراعظم آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمو دچوہدری نے کہا کہ عمران خان پہلے وزیراعظم ہیں جنہوں نے کشمیری قیادت کے کامل اتحاداور آزادی کشمیر کیلئے دو ٹوک انداز میں واضح کردیا ہے کہ ہم ریاست میں تمام نظریات کے حامل لوگوں سے مل بیٹھنے، ان کوسننے اور ان کی رائے پر عمل کرنے کو تیار ہیں، وزیراعظم عمران خان کے شفاف موقف پر نہ صرف آزادکشمیر بلکہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام بھی بہت خوش ہیں، اس مرتبہ پانچ فروری کو سری نگر لال چوک میں پرچم کشائی کرتے ہوئے پاکستانی پرچم لہرایا گیا بیرونی دنیا میں مقیم تمام کشمیری بہت مسرت کا اظہار کررہے ہیں کہ اب ہم سب متحد ہو کربیرون ملک کشمیر کاز کیلئے زیادہ قوت سے آواز بلند کرسکیں گے اور کشمیر کاز کو تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔ تقریب میں سابق وزیر خواجہ فاروق احمد، دیوان علی خان چغتائی، سابق ممبر اسمبلی گلزار فاطمہ، شاہدہ نقوی، شازیہ کیانی ایڈووکیٹ،میر عتیق الرحمان، خواجہ شفیق، انصر پیرزادہ، پیر سید اظہر گیلانی سمیت سابق صدور پریس کلب طارق نقاش، سہیل مغل، سینئر صحافی امتیاز اعوان، بشارت مغل، فاروق مغل، عبدالوحید کیانی، جاوید اقبال ہاشمی، اے کے این ایس کے سابق جنرل سیکرٹری خواجہ سرفراز، شہزاد

لولابی، ظہیر جگوال، ایم ڈی مغل، نوید اعوان، تقی الحسن، گلشاد بٹ، راجہ بشارت، میر امتیاز، گڑھی دوپٹہ پریس کلب کے صدر مرزا اختر اقبال، حاجی پرویز اختر، میجر (ر) رفیق اعوان، راجہ نوید مشتاق، عاشق بٹ، محمد یونس میر، عزیر غزالی، مشتاق الاسلام، اقبال یاسین اعوان، سید فیاض شاہ، ریاض اعوان سمیت پریس ورکرز کے ناصر شاہ، چوہدری منیر، سردار نسیم سمیت سینئر صحافیوں اراکین سی یو جے نے شرکت کی۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے نومنتخب صدر گلزار احمد عثمانی، سینئر نائب صدر مرزا شہزاد، نائب صدر اختر بخاری، جنرل سیکرٹری محمد اقبال میر، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری چوہدری امتیاز، جوائنٹ سیکرٹری جاوید عباسی، سیکرٹری مالیات اخلاق بخاری، سیکرٹری اطلاعات اکمل راجہ وممبرا ن مجلس عاملہ ہارون قریشی، مقبول اعوان اور قاضی عبدالباری سے ان کے عہدوں کا حلف لیا۔ جس کے بعد طاہر فاروقی، گلزار عثمانی، محمد اقبال میر، غلام رضا کاظمی نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے اپنے خطابات میں کہا کہ تمام سیاسی قیادت اور مکاتب فکر کا وقار عزت ملحوظ خاطر رکھنا صحافیوں سمیت سب کا فرض ہے اور اہل صحافت ہمیشہ تمام سیاسی اکابرین مکاتب فکر کو کشمیر کاز سمیت قومی عوامی ایشوز پر ملی تقاضے انکی آواز کو باہم ملا کر جذبات کو قوت بنانے کا فریضہ سرانجام دیتے رہیں گے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close