کشمیر کی تحریک آزادی کامیابی سے ہم کنار ہو گی، سردار عتیق احمد خان کا یوم یکجہتی کے حوالے سے پیغام

مظفرآباد (پی این آئی) آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے قائد و سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی تحریک آزادی کامیابی سے ہم کنار ہو گی اور کشمیری شہداء اور حریت پسندوں کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا ۔پانچ فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ

کشمیر اور پاکستان کا تعلق اٹوٹ انگ ہے اور اس تعلق کو دنیا کی کوئی طاقت ختم نہیں کر سکتی۔ کشمیریوں نے قیام پاکستان سے پہلے اپنا مقدر پاکستان کے ساتھ وابستہ کیا تھا۔ مجاہد اول نے کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ دے کر اس تعلق کو مضبوط کیا۔سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ آج کشمیری شہداء کی قبروں پر سبز پرچم اور ان کے سبز پرچموں میں لپٹے تابوت بھی اس تعلق کی واضح مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام مشکل کی ہر گھڑی میں اپنے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے ساتھ ہے۔بھارت کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں کر رہا ہے دنیا کو اس صورتحال کا نوٹس لینا چاہیے۔اگر دنیا کو خطے میں امن درکار ہے تو پھر دیرینہ مسئلہ کشمیر کو حل کرنا ہوگا۔اس کے سوا خطے میں امن کا کوئی راستہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ قوم پانچ فروری کو بھرپور مظاہرے کر کے دنیا کو یہ پیغام دے کہ کشمیر ایک حل طلب مسئلہ ہے جسے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں