بھمبر (پی این آئی) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے قائد وسابق وزیراعظم سردارعتیق احمد خان نے کہا ہے کہ مسلم کانفرنس کے نظریات کا زندہ ہونے کا ثبوت یہ ہے کہ آج بھارتی دس لاکھ فوج کے مقابلے میں مسلم کانفرنس کا دیا ہوا نعرہ کشمیر بنے گا پاکستان بلند ہوتا ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز
بھمبر میں مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے سابق امیدوار اسمبلی اور نائب صدر مسلم لیگ نواز ضلع بھمبر راجہ طاہر اقبال کی مسلم کانفرنس میں شمولیت پروگرام کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے راجہ طاہر اقبال کو مسلم کانفرنس میں شمولیت اختیار کرنے پر خوش آمدید کہا اور مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس میں نئے شامل ہونے والوں کو جماعت میں جائز مقام دیا جائے گا۔ طاہر اقبال کی شمولیت سے امید ہے مسلم کانفرنس مزید مضبوط اور مستحکم ہوگی۔ سردارعتیق احمدخان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم کانفرنس کو کمزور کرنے کی کوششیں ہر د ور میں ہوتی رہی ہیں اس سلسلے کی پہلی کوشش میں شیخ عبداللہ کی طرف سے مسلم کانفرنس کو نیشنل پریس کانفرنس میں بدلناتھااور اب تک یہ کوششیں جاری ہیں۔انہوں نے کہاکہ مسلم کانفرنس ایک نظریاتی جماعت ہے اور نظریاتی جماعتوں پر مشکل وقت آتے ہیں مگرنظریاتی کارکن ثابت قدم رہ کر اپنے نظریات کا دفاع کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارتی سنگینیوں کے سائے تلے اس وقت پاکستان کا نعرہ لگا رہے ہیں مجاہد اول نے اس نعرہ کو آئین کا حصہ بنایا اور یہ وہی سبق ہے جو اس نظریاتی اور تاریخی جماعت نے انہیں پڑھایا ہے۔انہوں نے کہاکہ بھٹو صاحب عروج پر تھے وہ سوشلزم نافذ کررہے تھے۔اس وقت مجاہد اول نے شریعت کورٹ
،اردوزبان کو سرکاری زبان کادرجہ دیا،ملائیشا کی قمیض شلوار کو قومی لباس کادرجہ دیا۔درختوں کے نیچے بچوں کو تعلیم دلوائی اور دیگر اقدامات کیے۔انہوں نے کہاکہ قائداعظم نے کہاتھا میں سارے ہندوستان میں مسلم لیگ بناؤں گا صرف ریاست جموں وکشمیر میں نہیں بناؤں گا مسلم کانفرنس ہی مسلم لیگ ہوگی۔ جماعتی نقطہ نظر سے نہ دیکھیں پاکستان کے وسیع تر مفاد ات کے تناظر میں دیکھیں۔پاکستان کے سیاستدان اور حکمران کان کھول کرسنیں اگر کشمیر سے مخلص ہوتو قائداعظم کی پالیسی اپناؤ اور مسلم کانفرنس کی پشت پر کھڑے ہوجاؤ۔مسلم کانفرنس کو کمزور کرنے سے تحریک آزادی کمزور ہوتی ہے۔اس موقع پر ان کے ہمراہ مسلم کانفرنس میرپور ڈویژن کے صدر چوہدری خضر حیات، ضلع بھمبر کے صدر راجہ اقبال انقلابی، چوہدری فیض احمدفیضی، چوہدری جمیل تبسم ایڈووکیٹ اور دیگر کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔ قائدمسلم کانفرنس جب بھمبر پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔قائدمسلم کانفرنس بھمبرکادورہ مکمل کرنے کے بعد سماہنی پہنچ گئے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں