سردار تنویر الیاس سے آزاد کشمیر کی سیاسی شخصیات کی ملاقاتیں جاری، آزادکشمیر کی بہتری کیلئے کام کرنے کے خواہشمند پی ٹی آئی کی چھتری تلے آ جائیں، گفتگو

اسلام آباد( آن لائن ) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماء و وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی سردار تنویر الیاس خان سے آزاد کشمیر کی مختلف سیاسی شخصیات کی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے، پی ٹی آئی آزادکشمیر کے بانی صدر ڈاکٹر لطف الرحمان نے بھی سردار تنویر الیاس خان سے ملاقات کرتے ہوئے

اپنے ساتھیوں سمیت ان پر اپنے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ملکر پارٹی مضبوط کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سردار تنویر الیاس خان نے ڈاکٹر لطف الرحمان کی پارٹی کیلئے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اب وہ وقت آ گیا ہے کہ پارٹی کے بنیادی و نظریاتی کارکنان اپنی جدوجہد مزید تیز کریں اور پارٹی کو الیکشن کیلئے نمبر ون پارٹی بنائیں۔ ڈاکٹر لطف الرحمان نے کہا کہ چیئرمین عمران خان نے آپ پر اعتماد کرتے ہوئے آزادکشمیر میں سیاسی کردار کیلئے منتخب کیا ہے ہم آپ کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان میں کرپٹ مافیا پر ہاتھ ڈالا ہے تو ان سب کی چیخیں نکل گئی ہیں، پاکستان میں ترقی اور تبدیلی کا سفر کامیابی سے جاری ہے۔ موجودہ پی ٹی آئی حکومت نے غریبوں کا احساس کرتے ہوئے سب کو بلا تخصیص ہیلتھ کارڈ جاری کرنے شروع کیے ہیں، ایسے اقدامات ہی فلاحی معاشروں کو پروان چڑھاتے ہیں۔ سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ آزادکشمیر میں عمران خان کی بنیادی و نظریاتی کارکنان اور رہنماء نے مشکل سیاسی حالات کا سامنا جرات کے ساتھ کیا، ہم تمام پارٹی کارکنان کو عزت دیں گے اور ساتھ لیکر چلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ وقت کا تقاضا ہے کہ پارٹی کو جنگی بنیادوں پر مضبوط کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سمیت جو بھی لوگ آزادکشمیر کے لوگوں کی اور ریاست کی بہتری

کیلئے کام کرنا چاہتے ہیں وہ پی ٹی آئی کی چھتری تلے آ جائیں، ہم سب ملکر آزادکشمیر کو بدلیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کی اس وقت صرف ایک ہی تریح ہونی چاہیے کہ پارٹی میں صاف شفاف لوگ زیادہ سے زیادہ شامل ہو سکیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close