اسلام آباد ( )پاکستان پیپلزپارٹی آزاکشمیر نے 5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) کے قائدین کا مظفر آباد آمد پر بھرپور استقبال کرنے کافیصلہ کیا ہے۔یکجہتی کشمیر جلسہ کو کامیاب بنانے کیلئے کمیٹی قائم،آزادکشمیر کی دیگر سیاسی جماعتوں سے بھی رابطے کا فیصلہ ،بلاول بھٹو
زرداری مظفر آباد جلسہ میں شرکت کرینگے۔یکجہتی کشمیر جلسہ میں آزادکشمیر کا جھڈا استعمال کرنے کی تجویز ۔پیپلزپارٹی کا وفد پارٹی صدر کی قیادت میں بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات بھی کریگا۔یہ فیصلے گزشتہ روز پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے صدر چوہدری لطیف اکبر کی زیر صدارت پارٹی کے مرکزی عہدیداران، ذیلی تنظیموں کے عہدیداران کے اجلاس میں کیے گئے۔اجلاس میں سینئر نائب صدر چوہدری پرویز اشرف ، سیکرٹری جنرل فیصل راٹھور ، سیکرٹری اطلاعات سردار جاوید ایوب، نائب صدر چوہدری افسر شاہد، نائب صدر سردار امجد یوسف، نائب صدر عبدالقیوم قمر، نائب صدر سردار خالد چغتائی، نائب صدر راشد اسلام بٹ، سیکرٹری مالیات سردار عابد حسین عابد، سید اظہر گیلانی ، صاحبزادہ ذوالفقار علی، سردار گلنواز خالق، شاہین کوثر ڈار، عزادار حسین کاظمی، شوکت جاوید میر، عامر ذیشان، چوہدری ربنواز طاہر، نبیلہ ایوب ، جنید عارف مغل، صاحبزادہ محمود احمد، نصیر احمد راٹھور، چوہدری محمد اشرف، سردار شکور صدیق، سردار زاہد شریف ، شجاعت علی کاظمی، حافظ محمد طارق اور دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔اجلاس میں پاکستان کی اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) کی طرف سے پانچ فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر مظفر آباد میں جلسہ عام کے بارے میں مشاورت کی گئی اور اہم فیصلے کیے گئے۔ فیصلہ کیا گیا کہ کشمیریوں کیساتھ یکجہتی منانے کیلئے پاکستان کی سیاسی قیادت کامظفر آباد میں تاریخی استقبال کیا جائے گا۔پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی اس جلسہ عام میں شرکت کرینگے۔جلسے کو کامیاب بنانے اور بلاول بھٹو اور دیگر قومی قائدین کا بھر پور استقبال کرنے کیلئے دیگر آزادکشمیر کی دیگر سیاسی جماعتوں سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔اس حوالے سے چوہدری لطیف اکبر کی قیادت میں پارٹی کا وفد وزیراعظم آزادکشمیر اور دیگر قائدین سے ملاقاتیں کریگا۔اجلاس میں تجویز پیش کی گئی کہ متحدہ اپوزیشن کے اس جلسے میں آزادکشمیر کا جھنڈا استعمال کیا جائے ۔ اس تجویز پر دیگر سیاسی جماعتوں سے بھی مشاورت کی جائے گی۔ایسے اقدام سے سیز فائر لائن کے پار یکجہتی کا بھرپور پیغام جائے گا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مظفر آباد جلسے کے حوالے سے پیپلزپارٹی کا وفد چوہدری لطیف اکبر کی سربراہی میں پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے بھی ملاقات کرے گا۔اور انہیںمظفر آباد جلسے کی تیاری اور کشمیر کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں بھی اگاہ کرے گا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال کے تناظر میں پاکستان کی تمام قومی قیادت کا مظفر آباد میں آنے سے سیز فائر لائن کے دوسری طرف بہت اچھا پیغام جائے گا۔مسئلہ کشمیر پر پیپلزپارٹی کاموقف بالکل واضح ہے۔ ذوالفقارعلی بھٹو سے لیکر بلاول بھٹو تک پیپلزپارٹی کی قیادت نے ہر دور میں کشمیریوں کی بھر پور ترجمانی کی ۔ پیپلزپارٹی کی بنیادہی مسئلہ کشمیر کیو جہ سے بنی تھی۔انھوں نے آزادکشمیر کے عوام اور تما م سیاسی جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پانچ فروری کو پاکستان کی سیاسی قیادت کو مظفرآباد آمد پر خوش آمدید کہیں۔انشاء اللہ آزادکشمیر کی سیاسی تاریخ کا یہ کامیاب ترین جلسہ ہوگا۔اجلاس کے اختیام پر شہداء کشمیر، شہداء پاکستان پیپلزپارٹی، شہید عوام ذوالفقارعلی بھٹو، شہید جمہوریت متحرمہ بینظیر بھٹو، پیپلزپارٹی کے سابق وزیرمطلوب انقلابی، سابق سپیکر غلام صادق ، پاکستان پیپلز پارٹی ازادکشمیر کے سیکریٹری جنرل فیصل ممتاز راٹھور کے سسر،جاوید ایوب کے والد، غلام رسول عوامی کے بھائی کی وفات پر فاتحہ خوانی کی گئی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں