سردار عتیق احمد خان سے امیدوار قانون ساز اسمبلی اپرنیلم میاں عبدالقدوس اسحاقی کی ملاقات، آئندہ انتخابات کے حوالے سے صورتحال پر گفتگو

راولپنڈی (پی این آئی) آل جموں وکشمیرمسلم کانفرنس کے قائد وسابق وزیراعظم سردارعتیق احمدخان سے مسلم کانفرنس کے نائب صدر اور سابق ایڈمنسٹریٹر ضلع زکواۃ نیلم وامیدوار اسمبلی اپرنیلم میاں عبدالقدوس اسحاقی کی قائدمسلم کانفرنس سے ملاقات۔ ملاقات کے دوران نیلم ویلی کے مسائل،کنٹرول لائن کی موجودہ

صورتحال،آمدہ انتخابات اور مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔ملاقات کے دوران قائدمسلم کانفرنس سردارعتیق احمدخان نے کہاکہ ہندوستان لائن آف کنٹرول کے نہتے شہریوں کونشانہ بنا کر بدترین جرائم کا مرتکب ہورہا ہے۔ اقوام متحدہ کو اس صورتحال کا نوٹس لے کرغیرانسانی حرکات سے باز رکھناچاہیے۔ نریندر مودی ہٹلر کی شکل اختیار کر کے پورے خطے کاامن واستحکام داؤ پر لگارہا ہے۔ایک طرف مقبوضہ کشمیر میں معصوم شہریوں پر ظالمانہ تشدد وقتل عام جاری ہے تو دوسری طرف سیز فائر لائن پرفائرنگ کر کے بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنایاجارہا ہے۔ ہندوستان سیز فائر لائن پرفائرنگ کر کے مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹاناچاہتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت خطہ تین ایمٹی طاقتوں کے درمیان کشیدگی کامرکز بن چکا ہے۔اقوام متحدہ کو ایسی صورتحال میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ ہندوستان اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کو کنٹرول لائن کا آزادانہ دورہ کرانے کی اجازت نہیں دے رہا ہے جس کامقصد اپنے جرائم کو چھپانہ ہے۔ سابق وزیراعظم سردارعتیق احمدخان نے مزید کہاکہ آزادکشمیر کے عوام بالخصوص نیلم ویلی کے عوام اس ساری صورتحال کے باوجود جرات اور بہادری کے ساتھ بھارتی جارحیت کا مقابلہ کررہے ہیں۔ ہندوستان کے ایسے اوچھے ہتھکنڈوں کامیاب نہیں ہونگے۔ مودی حکومت دوسرے کے گھروں میں تحریک آزادی کو دبانے

کے لیے آگ لگارہا ہے جبکہ اس کے اپنے گھر میں آگ لگی ہوئی ہے جو دنیا میں خوفناک عمل ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان میں زور دار چلنے والی تحریکوں سے توجہ ہٹانے کے لیے کوئی بھی اوچھی حرکت کرسکتا ہے لیکن پاک فوج کے جوان اس مذموم کوشش کو ناکام بنانے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلم کانفرنس آمدہ انتخابات میں بھرپور طریقے سے حصہ لے کر کامیابی حاصل کریگی۔ نیلم ویلی کے عوام نے ہمیشہ مسلم کانفرنس کاساتھ دیا۔ نیلم ویلی کے مسلم کانفرنسی کارکنان آمدہ الیکشن کی تیاریاں کریں اور ڈور ٹو ڈور رابطہ مہم شروع کردیں۔کارکنان ووٹروں کے اندراج کے سلسلہ میں الیکشن کمیشن کے عملہ کے ساتھ تعاون کریں۔انہوں نے کہاکہ حکومت آزادکشمیر کو چاہیے کہ سیز فائر لائن پر بسنے والے افراد کے لیے پختہ بنکرز کی تعمیر یقینی بنائے تاکہ لائن آف کنٹرول پر بسنے والے شہریوں کی زندگی کو محفوظ بنایاجاسکے۔وفاق کی جانب سے پختہ بنکرز کیلئے فراہم کردہ فنڈز فوری بنکرز کی تعمیر کے لئے فراہم کیاجائے۔ ملاقات کے دوران مسلم کانفرنس کے مرکزی مجلس عاملہ میاں عبدالرشید اسحاقی اور دیگر بھی موجود تھے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close