راولپنڈی(پی این آئی) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے قائد وسابق وزیراعظم سردارعتیق احمد خان سے مسلم کانفرنس عوامی رابطہ بورڈ کے چیئرمین و سابق چیئرمین ضلع زکواۃ سید اظہر علی شاہ کی ملاقات۔ ملاقات میں آزادکشمیر کے آمدہ انتخابات اور مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال
کیاگیا۔ ملاقات کے دوران سردارعتیق احمدخان نے کہاکہ کشمیریوں نے اپنا مستقبل پاکستان کے ساتھ وابستہ کررکھا ہے اور اس کی بنیاد مضبوط اور مستحکم ہے۔ کشمیریوں کے لیے پاکستان واحد آپشن ہے کیونکہ انہوں نے اس منزل کو حاصل کرنے کے لیے ایسی لازوال قربانیاں دی ہیں جس کی دنیا میں مثال نہیں ملتی۔ قائدمسلم کانفرنس سردارعتیق احمدخان نے کہاکہ جماعتوں پر مشکل وقت آتے رہتے ہیں۔ وہی جماعتیں سرخرو ہوتی ہیں جو مشکل حالات کا مقابلہ کرتی ہیں۔مسلم کانفرنس کی تاریخ آزمائشوں سے بھری پڑی ہے۔ ہمارے قائدین نے خندہ پیشانی سے ان مشکلات کا مقابلہ کیا جو لوگ مشکل وقت میں گھبراتے ہیں وہ سیاسی اڑانیں بھرتے ہیں ان کو ساری زندگی ٹھکانہ نہیں ملتا۔قائدمسلم کانفرنس نے مزید کہاکہ مسلم کانفرنس کا قیام ایک نظریے پر ہوا ہے۔ مسلم کانفرنسی کارکنان اپنی صفوں میں اتحاد قائم کرتے ہوئے آمدہ انتخابات کی تیاریاں شروع کریں۔کارکنان اپنے حلقہ انتخابات میں ووٹوں کے اندراج کروائیں اور الیکشن کمیشن کے عملہ کے ساتھ تعاون کریں۔انہوں نے کہاکہ مسلم کانفرنس آنے والے انتخابات میں بھرپور طریقے سے حصہ لے کرکامیابی حاصل کریگی۔ اگراللہ نے موقع دیا تو اقتدار میں آکر گزشتہ دس سالہ عوامی محرومیوں کا ازالہ کیاجائے۔دریں اثناء قائدمسلم کانفرنس سے مسلم کانفرنس حلقہ لچھراٹ کے صدر محمد رفیق کی قیادت میں لچھراٹ کے ایک وفدنے ملاقات کی۔وفد میں سید یاسر نقوی ایڈووکیٹ، یاسین عباسی، چوہدری یوسف، بلال حمید مغل، آفتاب سلہریا،اقبال مغل اوردیگر بھی شامل تھے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں