سردارعتیق احمد خان سے دیوان علی خان چغتائی کی ملاقات، آزاد کشمیر کے آمدہ انتخابات، ووٹوں کے اندراج، جماعتی امور پر تبادلہ خیال

راولپنڈی( پی این آئی) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے قائد و سابق وزیراعظم سردارعتیق احمد خان سے مرکزی چیف آرگنائزر مسلم کانفرنس دیوان علی خان چغتائی کی مجاہد منزل میں ملاقات۔ ملاقات میں آزادکشمیر کے آمدہ انتخابات، مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال، ووٹوں کے اندراج اور جماعتی امور پر تفصیلی تبادلہ

خیال کیاگیا۔ اس موقع پر قائد مسلم کانفرنس سردار عتیق حمدخان نے کہاکہ مسلم کانفرنس نظریہ الحاق پاکستان کی علمبردار اور پاکستان و آزادکشمیر کی نظریاتی سرحدوں کی محافظ ہے۔ آزادکشمیر کے عوام تحریک آزادی کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیورا کی طرح کھڑے ہیں۔دشمن آزادکشمیر کے عوام کوتحریک آزادی سے ہٹانا چاہتا ہے مگر اس سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ مسلم کانفرنس شہیدوں اور غازیوں کاقافلہ ہے اور تحریک آزادی کی بانی جماعت ہے مسلم کانفرنس کشمیر کے تشخص اور پاکستان سے الحاق کی داعی جماعت ہے اور اس جماعت نے آزادکشمیر میں ادارے قائم کر کے ایک تاریخی روایات کاآغاز کیا جبکہ موجودہ حکمرانوں نے اداروں کوتباہی کے دھانے پر لاکھڑا کیا ہے۔ ملازمین کااستحصال کیا جبکہ مسلم کانفرنس نے ہمیشہ ملازمین کے حقوق کاخیال رکھا۔ آج ملاز مین سراپا احتجاج ہو کر مسلم کانفرنس کاسنہری دور یاد کررہے ہیں۔ حکومت آزادکشمیر کو چاہیے کہ اساتذہ اور دیگرملازمین جن میں اپیکا، برقیات، آئی ٹی کے ملازمین جو اس وقت احتجاج پر ہیں ان کے جائز مطالبا ت کو فوری طور پریکسو کیے جائیں۔ انہوں نے مسلم کانفرنسی کارکنان پر زور دیتے ہوئے کہاکہ وہ الیکشن کی تیاریاں کریں اور مسلم کانفرنس کی کامیابی کے لیے اپناکردار ادا کریں۔کارکن ووٹر لسٹوں میں ووٹ کے اندراج کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔

موجودہ حکومت عوامی مسائل حل کرنے میں مکمل طور پرناکام ہوچکی ہے ملازمین کے مسائل جوں کے توں ہیں اور حکومت کوٹس سے مس نہیں اور حکومت ملازمین کے مطالبا ت حل کرنے کے بجائے ان پرتشدد اور لاٹھی چارج کررہی ہے جو قابل افسوس ہے۔ ان شاء اللہ اگر اللہ نے موقع دیا تو اقتدار میں آکر عوام کی تمام محرومیوں کاازالہ کیاجائے گا۔دریں اثناء قائدمسلم کانفرنس سردار عتیق احمدخان سے نیلم ویلی سے قاری محمدرفیق، محمد حنیف اعوان،ضلع بھمبر سے صدر مسلم کانفرنس ضلع بھمبر راجہ اقبال انقلابی، صدر مسلم کانفرنس حلقہ شرقی باغ ظفر عباسی، راجہ ذکی جبار ایڈووکیٹ اور عبدالغفور نے ملاقات کی۔ ملاقات میں تمام رہنماؤں نے اپنے اپنے حلقے کے مسائل کے حوالے سے قائدمسلم کانفرنس کو آگاہ کیا اور آمدہ انتخابا ت کے حوالے سے نیا لائحہ عمل طے کیاگیا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close