مظفر آباد(پی این آئی) آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم و پی ٹی آئی آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ خواتین نے پاکستان میں پی ٹی آئی کی حکومت بنانے کے لئے اہم کردار ادا کیا تھا اسی طرح وہ آزاد کشمیر میں بھی پی ٹی آئی آزاد جموں و کشمیر کو حکومت میں لانے کے لئے اپنا
موثر کردار ادا کریں کیونکہ وزیر اعظم عمران خان کا ویژن ہے کہ نچلی سطح تک اختیارات کی منتقلی کو یقینی بنایاجائے۔ جسطرح کہ خواتین، کسان، مزدور اور محنت کش طبقے بالخصوص خواتین جو کہ آدھی سے زیادہ آبادی ہے انہیں بااختیار بنایا جائے تاکہ یہ دوسری خواتین کے حقوق کے لئے اپنا رول ادا کر سکیں۔اسی لئے پی ٹی آئی آزاد جموں و کشمیر نے وعدہ کیا ہے کہ ہم اقتدار میں آکر خواتین کو آزاد کشمیر اسمبلی میں تینتیس فیصدنمائندگی دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گذشتہ روز مظفرآبا دمیں پی ٹی آئی آزاد جموں و کشمیر خواتین ونگ کی ضلع اور تحصیل کی نومنتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ میں خواتین ونگ کی تمام نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور اس توقع کا اظہار کرتا ہوں کہ آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات میں وہ پی ٹی آئی آزاد جموں و کشمیر کے ہر اول دستے کا کردار ادا کریں گی۔ اس موقع پر تقریب سے اس موقع پر مرکزی صدر پاکستان تحریک انصاف خواتین ونگ و پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت ڈاکٹر نوشین حامد،خواتین ونگ کی مرکزی سیکریٹری جنرل سیمی ایزدی، مرکزی رہنماء فوزیہ ارشد، ڈپٹی سیکریٹری جنرل خولہ خان، پی ٹی آئی آزاد جموں و کشمیر خواتین ونگ کی مرکزی صدر پروفیسر تقدیس گیلانی، مرکزی سیکریٹری جنرل گلزار
فاطمہ، سیکریٹری اطلاعات عنبرین ترک اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پرمرکزی صدر پاکستان تحریک انصاف خواتین ونگ و پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت ڈاکٹر نوشین حامدنے کہا ہے کہ آج پی ٹی آئی آزاد جموں و کشمیر کی ویمن ونگ کی تنظیم سازی مکمل ہو گئی ہے اورہم اس بات کا اعادہ کرتے ہیں کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے ہمراہ بھرپور انداز میں انتخابی مہم چلائیں گی۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری عمران خان کے سپاہی ہیں انکی قیادت میں انشا ء اللہ نیا آزاد کشمیر بنائیں گے۔۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں