میاں چنوں /بہاولپور(پی این آئی) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے قائد وسابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا ہیکہ ہندوستان ک مظالم کے خلاف عالمی مہم کا سلسلہ شروع کیا جانا لازم ہو چکا ہے اس سے ہندوستان پوری طرح دنیا میں بے نقاب ہو جائیگا۔ہندوستان میں ابھرنے والی انتہاء پسندی اور مسلمان
دشمنی کی لہر ہندوستان کو ٹکڑے ٹکڑے کر دے گی اور کشمیر کو قبضے میں رکھنے کی کوشش بری طرح ناکام ہوگی، ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز میاں چنوں اور بہاولپور میں اپنے اعزاز میں ممبر پنجاب بار کونسل حاجی افضل دھرالہ ایڈووکیٹ کی طرف سے دیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ کشمیری عوام نے پاکستان کا پرچم ایک صدی سے اٹھا رکھا ہے، اب بھی وہ اس پرچم کی خاطرسینوں پر گولیاں کھارہے ہیں، کشمیرکے عوام پاکستان کے دفاع اور بقاء کی جنگ لڑرہے ہیں، مقبوضہ کشمیرمیں نریندرا مودی کے اقدامات نے انسانیت کے لئے جو خطرات پیداکئے ہیں اب وہ پوری طرح سامنے آ رہے ہیں، ہندوستان میں مسلمانوں کے ساتھ ہونے والا سلوک مودی کی ذہنیت کا کھلا ثبوت ہے، انہوں نے کہا کہ اب امریکہ، اقوم متحدہ اور خطے کی بڑی طاقتوں چین اور روس کو مل کر اس مسئلے کا پائیدار حل نکالنا چاہیے، ہندوستان مشوروں اور تجاویز سے اپنا رویہ درست نہیں کرے گا اس کے لئے اقتصادی اور عسکری پابندیاں لگانا ہونگی، بڑی منڈی کی لالچ میں انسانیت کے قتل عام کا تماشا دیکھنا صریح ناانصافی ہے، اب عالمی طاقتوں کو ہندوستان پر دباؤ دڈالنے کے لئے عملی اقدامات اٹھانا ہونگے انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے لئے اخلاقی سہارا ہے پاکستان نے خطرات کی پرواہ کیے بغیر کشمیری
عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کی ہے۔دریں اثناء میاں چنوں میں انہوں نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب غلام حیدر وائیں کی قبر پرحاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔بہاولپور میں قائدمسلم کانفرنس نے اپنے ساتھیوں اور سٹاف کے ہمراہ حاصل پور میں سید عثمان غنی کی طرف تعمیر کیے جانے والے گوشتہ درود کادورہ کیا۔جہاں حضورﷺ کے روضہ پاک کاغلاف مبارک،خانہ کعبہ کے غلاف مبارک، روضہ پاک کی جالی مبارک،نبی کریمﷺ کے موئے مبارک اور دیگر تبرکات کا دیدار کیا اس موقع پر منتظمین کی طرف سے قائد مسلم کانفرنس اور ان کے سٹاف کو غلام کعبہ شریف کے تحائف دیے گئے میاں چنوں میں انہوں نے پاکستان اسمبلی آف مسلم یوتھ کے مرکزی رہنما میاں آصف آصفی الخیری کی دختران کی شادی میں شرکت کی۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں