چنیوٹ(پی این آئی) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے قائد اور سابق وزیراعظم سردار عتیق احمدخان نے کہاکہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیری عوام آزادی کے ساتھ ساتھ تکمیل پاکستان کی جنگ بھی لڑ رہے ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز چنیوٹ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے
ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ مسلم کانفرنس نے قیام پاکستان سے پہلے ہی الحاق پاکستان کی قرارداد منظور کر کے پاکستان سے اپنی وابستگی ظاہر کردی تھی۔ آج مقبوضہ کشمیر کے عوام اس عظیم مقصد کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نئے کہاکہ ہندوستان آج مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے۔عالمی برادری کو اس صورت حال کا نوٹس لیناچاہیے۔ جنوبی ایشیاء اس وقت کئی ایٹمی طاقتوں کے درمیان کشمکش کا محور بن گیا ہے۔تین ایٹمی ممالک آمنے سامنے ہیں اور اس کی وجہ مسئلہ کشمیر ہے۔ہندوستان کو کشمیر پر اپنے اقدامات کی سزا بھگتنا پڑے گی۔ چھے لاکھ معصوم جانوں کی قربا نیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔انہوں نے کہاکہ ہندوستان کنٹرول لائن پر سرجیکل سٹرائیکس کاخواب دیکھ رہا ہے مگر افواج پاکستان اور آزادکشمیر کے بہادر عوام پوری جرات کے ساتھ ہندوستان کا مقابلہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی کشمیر پالیسی ٹھیک سمت جارہی ہے۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر پرجرات مندانہ موقف اپنایا ہے۔ گزشتہ دور میں وزیرخارجہ نہ ہونے سے عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر پر خاصا نقصان ہوا۔ اب بھی تمام سیاسی جماعتوں کو مسئلہ کشمیر پراتحاد و اتفاق کے ساتھ مشترکہ حکمت عملی تشکیل دینی چاہیے۔کشمیر ایک قومی مسئلہ ہے اور یہ پاکستان کی بقاء اور دفاع کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔بعدازاں قائد مسلم کانفرنس سردارعتیق
احمدخان کے اعزاز میں انجمن تاجران پاکستان کے وائس چیئرمین اور انجمن تاجران ضلع چنیوٹ کے صدر حاجی محمد جمیل فخری کی طرف سے دیے گئے استقبالہ میں ش رکت کی اس موقع پر سید عابد علی شاہ، سینئر نائب صدر انجمن تاجران معروف بزنس مین مہرشاہد،امیر جماعت اسلامی چنیوٹ چوہدری اسلام، الیکٹرانک میڈیا کے چیئرمین پیرزادہ اقبال حسین، ارشد قمر گرواہ،ملک لیاقت حسین اور محمد فردوس ایڈووکیٹ بھی موجود تھے۔ قائدمسلم کانفرنس جب استقبالیہ میں پہنچنے تو ان کا انجمن تاجران پاکستان کے وائس چیئرمین و انجمن تاجران ضلع چنیوٹ کے صدر حاجی محمد جمیل اور دیگر نے گلدستہ پیش کیا۔اس موقع پر قائد مسلم کانفرنس سردارعتیق احمدخان نے انجمن تاجران چنیوٹ کا شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے مجھے پرتکلف عشائیہ دیا اور ان کی مہمان نوازی کاشکریہ ادا کیا۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں