علماء و مشائخ نے ہر دور میں قوم کی رہنمائی اور قیادت کی ہے، سردار عتیق احمد خان

مظفرآباد/راولپنڈی/دھیرکوٹ (پی این آئی) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے قائد وسابق وزیراعظم سردار عتیق احمدخان نے کہا ہے کہ علماء و مشائخ نے ہر دور میں قوم کی رہنمائی اور قیادت کی ہے اور اسلام کی سربلندی اور فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز راولپنڈی میں جامع

رضویہ میں پیر سید حسین الدین شاہ کی زیرصدارت پیر سید غلام یٰسین شاہ مرحوم کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ غلام یاسین شاہ سچے عاشق رسول اور ایک متقی شخصیت تھے وہ ایک بھرپور شخصیت کے مالک تھے۔انہوں نے اپنے آباؤ اجداد کے مشن کو شوق اور جذبے سے جاری رکھا۔ہماری علاقہ دھیرکوٹ اولیاء اللہ کی سرزمین ہے اور یہاں اولیا اللہ نے سماجی اور مذہبی زندگی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ علامہ غلام یاسین نے اس علاقے میں لوگوں کی دینی تربیت اور دینی تعلیم کے لیے اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے کہاکہ کشمیر کی آزادی اور یہاں اسلامی اقدار کی سربلندی کے لیے علماء نے تاریخ کے ہر دور میں شاندار کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ علامہ غلام یاسین شاہ نے محافل میلاد کو فروغ دیا اور آج دھیرکوٹ میں جابجا ایسی محافل منعقد ہوتی یہں۔ مجاہد اول کے ساتھ ان کا گہرا لگاؤ تھا۔انہوں نے کہاکہ وہ ہمیشہ مجاہد اول کے ساتھی جہاد کشمیر میں ان کے ساتھ موجودرہے۔ انہوں نے کہاکہ علامہ غلام یاسین شاہ جیسے لوگ قوموں میں کم ہی پیدا ہوتے ہیں۔ ان کی وفات سے آزادکشمیر کی سماجی،علمی اور دینی زندگی میں ایک خلاپیدا ہوا ہے جو مدتوں پو را نہیں ہوسکتا۔ اللہ تعالیٰ غلام یاسین کی درجات میں بلندی عطافرمائے اور ہمیں ان کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔اس موقع پر ریفرنس

میں سابق صدر آزاد ریاست جموں و کشمیر سردار یعقوب خان، مفتی ضمیر احمد ساجد، علامہ سید صداقت حسین شاہ،علامہ امتیاز احمد صدیقی،علامہ مفتی محمد حنیف قریشی، سید حسین علی فاطمی، سید عبدالجبار شاہ سوہاوی، پیرسید حبیب الحق شاہ اور دیگرعلمائے کرام اور مشائخ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ریفرنس میں شرکت کے بعد قائدمسلم کانفرنس دھیرکوٹ روانہ ہوئے جہاں ہوتھلہ دھیرکوٹ میں راجہ ابرار خان،راجہ اظہرخان اور راجہ ساجد خان کی والدہ کی وفات پر اظہار تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی۔دریں اثناء انہوں نے دھیرکوٹ میں مسلم لیگ نواز کے مرکزی رہنما راجہ ارشد خان کی والدہ کی وفات پر بھی تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی۔قائد مسلم کانفرنس نے گزشتہ روز دھیرکوٹ میں مصروف ترین دن گزارہ اور مختلف مقامات پر وفات پا جانے والوں کے گھروں میں جاکر ان کے اہلخانہ سے اظہارتعزیت کی اور فاتحہ خوانی۔قائد مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان نے نیلہ بٹ میں اپنے انتہائی قریبی ساتھی اور مخلص رہنما سردار خورشید عباسی مرحوم کی قبر پر فاتحہ خوانی جبکہ سردار خورشید عباسی کی وفات پر انکے بیٹے ہمایوں خورشید عباسی، انکے بھائی بشارت عباسی اور دیگر عزیزواقارب سے تعزیت کی۔ تعزیت کرتے ہوئے سردار احمد خان نے کہاکہ خورشید عباسی جماعت کا قیمتی اثاثہ تھے۔ ان کی جماعت کے لئے گراں قدر خدمات ہیں جنہیں

کبھی فراموش نہیں کیاجاسکتا۔ انہوں نے مرتے دم تک جماعت کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے رہے۔مسلم کانفرنسی کارکنان کے لیے خورشید عباسی ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتے تھے۔ کارکنان ان کے نقش قدم پر چل کر جماعت کو مضبوط اور مستحکم بنائیں۔اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطافرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ میجر ریٹائرڈ نصراللہ خان اور دیگر کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close