مسئلہ کشمیر ایک زندہ حقیقت ہے، ہندوستان اس حقیقت سے انکار کر کے جنوبی ایشیاء کے امن کو داؤ پر لگا رہا ہے، سردار عتیق احمد خان

راولپنڈی (پی این آئی) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے قائد وسابق وزیراعظم سردار عتیق احمدخان نے کہا کہ کشمیری عوام آزادی کے لیے بے پناہ قربانیاں دیتی چلی آرہی ہے۔اب مسئلہ کشمیر ایک زندہ حقیقت ہے۔ہندوستان اس حقیقت سے انکار کر کے جنوبی ایشیاء کے امن کو داؤ پر لگا رہا ہے۔ مسلم کانفرنس کشمیر کی

آزادی اور تشخص کی ضامن ہے۔ مسلم کانفرنس نے کشمیر کی آزادی،عزت،وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔ ہمیشہ کشمیر پر اپنا موقف واضح کیا اور اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹے۔ انہوں نے کہاکہ سیاسی کارکنوں کو مسلم کانفرنس میں عزت دی جاتی ہے آزاد کشمیر کے عوام کنٹرول لائن پر تاریخ ساز قربانیاں دے رہے ہیں۔ ہندوستان تحریک آزادی کو دبانے میں ناکامی کے بعد سیز فائر لائن پر نہتے شہریوں پر غصہ اتار رہا ہے۔ مودی کے مکروہ عزائم کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مجاہد منزل راولپنڈی میں مسلم کانفرنس کی سینئر وائس چیئر پرسن پونچھ ڈویژن ریحانہ خان،مسلم کانفرنس کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری مالیات ڈاکٹر عابد عباسی،یوتھ ونگ کے متحرک رہنما سردارو اجد حنیف،سردار شوکت، سردار کاشف،سردار احسان،سردار جلیل،احسن عباسی،راجہ نذیرخان اور ممبر سوشل میڈیا عامر عباسی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں آزادکشمیر کی موموجودہ سیاسی صورتحال،مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال اور اسمبلی میں خواتین کی نشستوں کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔ ملاقات کے دوران سردار عتیق احمدخان نے کہا کہ مسلم کانفرنسی کارکنان آمدہ انتخابات کے لئے تیاریاں شروع کر دیں بالخصوص یوتھ ونگ کے نوجوان متحد ہو کر مسلم کانفرنس کی کامیابی کیلئے اپنے آپ کو تیار کریں ان شاء

اللہ آنے والا دور مسلم کانفرنس کا ہے۔اگر اللہ نے موقع دیا تو سابقہ ادھورے کاموں کو مکمل کریں گے۔ اسمبلی میں خواتین کی نشستیں بڑھائیں گے۔ جو وقت کی ضرورت ہے۔ ہم نے اپنے دور حکومت میں کشمیر بینک کا قیام عمل میں لایا اور سمال انڈسٹری سے بے روزگار نوجوانوں کو بلاسود قرضے دیے گئے تاکہ متوسط طبقہ کو اپنے پاؤں پر کھڑا کیاجاسکے۔ ملازمین کو ٹائم سکیل دیاگیا موجودہ حکومت نے ملازمین کا شدید استحصال کیا جو قابل مذمت ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close