رول آف لاء کی ہر تحریک میں ہمیشہ فعال کردار ادا کریں گے، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کوٹلی

کوٹلی(پی این آئی) ڈسٹرکٹ بار ایسو سی ایشن کوٹلی کے زیر اہتمام آزاد جموں و کشمیر سپریم کورٹ کے سینئر جج جناب جسٹس غلام مصطفی مغل کے اعزاز میں الوداعی تقریب منعقد کی گئی ،تقریب سے قائم مقام چیف جسٹس سپریم کورٹ جناب جسٹس راجہ سعید اکرم،قائم مقام چیف جسٹس ہائیکورٹ جناب جسٹس اظہر

سلیم بابر،وائس چیئر مین بار کونسل جاوید شاہد،صدر بار راجہ تبریز اقبال اور سیکر ٹری بار چوہدری محمد شہزاد نے خطاب کیا جبکہ ہائیکورٹ کے جسٹس صداقت حسین راجہ ،ماتحت عدلیہ کے جج صاحبان ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مشتاق طاہر،سینئر سول جج چوہدری آفتاب،سول جج وسیم سکندر،فیملی جج ،ضلع قاضی محمود

احمد،نوشین پرویز راجہ،اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل سردار مظہر اقبال ،سابق صدور بار،قاضی صاحبان اور وکلا کی بڑی تعداد بھی تقریب میں موجود تھی۔۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام چیف جسٹس سپریم کورٹ جناب جسٹس راجہ سعید اکرم نے کہا کہ وکلاءعدلیہ کا وقار اور شان ہیں۔عدلیہ اسی صورت باوقار ہوگی جب بار باوقار ہوگی۔آزادکشمیر میں بھی عظیم ججز پیدا ہوئے ہیں جن میں جسٹس مصطفی مغل صاحب بھی شامل

ہیں۔ جسٹس مصطفی مغل کے ساتھ دیرینہ تعلق رہا ہے اور ان کے ساتھ زندگی کا خوبصورت وقت گزرا۔جسٹس غلام مصطفی مغل کی صورت میں ایک عظیم ساتھی ریٹائر ہورہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جسٹس غلام مصطفی مغل نے بطور چیف جسٹس ہائیکورٹ، چیف الیکشن کمشنر اور بطور جج سپریم کورٹ شاندار خدمات انجام دیں۔ جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے کہاکہ کوٹلی بار ایسوسی ایشن کی عظیم روایات ہیں۔ میں جب یہاں بطور چیئرمین احتساب بیورو آیاتو اس وقت بہت استقبال کیا گیا جو آج بھی یاد ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے

سینئر جج جناب جسٹس غلام مصطفی مغل نے کہاکہ بار ایسوسی ایشن کا کردار قانون کی حکمرانی میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ مجھے ہمیشہ وکلاءبرادری کی تائید و حمایت حاصل رہی جو زندگی کا اثاثہ ہے۔ جب بھی کوٹلی آیا وکلاءبرادری نے ہمیشہ عزت دی۔ کوٹلی آزادکشمیر کی پسندیدہ بار ہے۔ جب جوڈیشل کرائسز تھے تو کوٹلی بار نے ہر اول دستے کا کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ پروقار تقریب کے انعقاد پر کوٹلی بار کا شکریہ ادا کرتا ہوں ، آپ نے جو عزت دی ہمیشہ یاد رہے گی۔ جسٹس غلام مصطفی مغل نے کہاکہ جب

وکلائ برادری یکجا ہوگی تو ہم ہر مشکل عبور کر سکتے ہیں۔ نوجوان وکلاء کل کی امید ہیں ، ساری امیدوں کا مرکز ہیں ، آپ سے ہی لیڈر اور جج اور بڑے بڑے قانون دان بنتے ہیں۔ نوجوان وکلاء محنت اور لگن کو اپنا شعار بنائیں۔ وہی وکلاءعظمت پاتے ہیں جنہوں نے ڈسپلن قائم کیااور جج اور عدلیہ کو عزت دی۔ جسٹس غلام مصطفی مغل نے کہاکہ میرے ساتھ جب حادثہ ہوا تو کوٹلی بار نے بھرپور یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس آزادجموں وکشمیر ہائیکورٹ جناب جسٹس اظہر سلیم بابر نے کہاکہ شروع دن سے ہی جسٹس غلام مصطفی مغل کی صلاحیتوں کا معترف ہوں۔ آپ نے 19سال اعلیٰ عدلیہ میں خدمات انجام دیں۔ آپ کے اعزا ز میں یہ تقریبات آپ کی صلاحیتوں کے اعتراف میں ہو رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ جسٹس

غلام مصطفی مغل کی ہمت کو دادا دیتاہوں کہ ایک سال تک اکیلے بطور چیف جسٹس آزادکشمیر بھر کے معاملات کو سنبھالا اس وقت عدالت العالیہ میں کوئی اور جج نہیں تھا۔ جسٹس غلام مصطفی مغل نے جوڈیشل آفیسران کی مراعات میں اضافہ کیا اور انفراسٹرکچر کی بہتری کےلئے کوششیں کیں۔ امید ہے کہ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی جسٹس غلام مصطفی مغل اسی طرح متحرک اور ہماری رہنمائی اور سرپرستی کرتے رہیں گے۔صدرڈسٹرک بار ایسو سی ایشن کوٹلی راجہ تبریز اقبال نے تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے سینئر جج جناب جسٹس غلام مصطفی مغل کی عدالتی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ معزز جج نے آئین کی بالا دستی ، قانون کی حکمرانی اور سستے انصاف کی فراہمی میں نہایت ہی فعال کردار ادا کیا۔ بطور جسٹس انہوں نے اپنی دوستی ،تعلقات کو رول آف لاءکے تابع رکھا تنہا عدالت العالیہ کا نظام بھی چلایا اور لوگوں کو انصاف مہیا کیا۔ جسٹس غلام مصطفی مغل ہمارے لیے رول ماڈل ہیں ۔انہوں نے کہا کہ رول آف لاءکی ہر تحریک میں ڈسٹرکٹ بار کوٹلی نے ہمیشہ فعال کردار ادا کیا ۔ راجہ تبریز اقبال نے چیف جسٹس کی توجہ ضلع کوٹلی میں مقدمات کی تعداد زیادہ ہونے کی طرف دلاتے ہوئے کہا کہ یہاں بھی سپریم کورٹ کی رجسٹری قائم کی جائے تاکہ سائلین کو سہولت فراہم ہو ۔ہر ضلع میں ایک جج کو سب

رجسٹرار تعینات کیا جائے ۔ صدر بار نے کہا کہ بار عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہے اور انصاف کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی ۔ تقریب کے اختتام پر مطلوب انقلابی کی مغفرت کے لئے دعا کی گئی۔ قبل ازیں بار پہنچنے پر اعلی عدلیہ کے معزز جج صاحبان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں