کشمیر کے آزادی اور حق خودارادیت کا حصول ہر کشمیری کی زندگی کا اہم مقصد اور منزل ہے، برطانوی پارلیمنٹ کے ایوان بالا کے سابق رکن لارڈ نذیر کی انسپاڈ کے وفد سے گفتگو

اسلام آباد (پی این آئی) کشمیر کے آزادی اور حق خودارادیت کا حصول ہر کشمیری کی زندگی کا اہم مقصد اور منزل ہے اس مقصد سے کبھی غافل نہیں ہو سکتا۔ میری زندگی کا مقصد ہی اتحاد امت مسلمہ اور کشمیر کی آزادی ہے انہی مقاصد کی وجہ سے میرے خلاف سازشیں ہوتی رہی ہیں لیکن کوئی بھی کارروائی مجھے

میرے مشن سے دور نہیں کر سکتی۔ ان خیالات کا اظہار لارڈ نذیر احمد نے عالمی تھنک ٹینک انسٹی ٹیوٹ آف پیس اینڈ ڈیویلپمنٹ انسپاڈ کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے انسپاڈ کے صدر اور سابق مشیر انسانی حقوق آزاد کشمیر ڈاکٹر سردار محمد طاہر تبسم کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ لارڈ نذیر احمد نے کہا کہ مسلہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے اور اس کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل ہوئے بغیر دنیا میں امن کا خواب کبھی پورا نہیں ہو سکتا۔ کشمیری 74 سالوں سے اس کے لئے بے پناہ قربانیاں دے رہے ہیں ان کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں ہونگی۔ اور نہ ہی ان کو اکیلے چھوڑ سکتے ہیں۔ ہم بھارت میں مسلمانوں اور اقلیتوں کے حقوق کے لئے آواز بلند کرتے رہیں گے۔ لارڈ نذیر احمد نے انسپاڈ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انسپاڈ کے صدر سردار طاہر تبسم نے کہا کہ لارڈ نذیر پوری دنیا کے محکوم عوام کے موثر وکیل اور جاندار آواز ہیں وہ کشمیریوں کے موثر ترجمان اور ہمارا قومی اثاثہ ہیں۔ ہمیں انکے جاندار کردار پر ہمیشہ فخر رہے گا۔ افشین افضل نے کہا کہ لارڈ نذیر کے خلاف تمام سازشوں کو عالمی طور پر بے نقاب کریں گے اور اسکے لئے ہر سطح پر اپنا کردار ادا کریں گے۔ عالمی عدالت انصاف اور دیگر عالمی اداروں سے رجوع کرنے سے بھی

دریغ نہیں کریں گے۔ وفد میں اورینٹ نیوز نیٹ ورک کے صدر افشین افضل، ڈائرکٹر انسپاڈ مسز کشور عقیل، کرنل (ریٹائرڈ) طلحہ سعید، راجہ اشفاق کیانی، اور انسپاڈ یوتھ کوآرڈینیٹر محمد طلحہ زبیر شامل تھے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close