اقوام متحدہ کو تماشائی کا کردار ادا کرنے کے بجائے فعال کردار ادا کرنا ہوگا، مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ایک باقاعدہ طریقہ کار طے کرنا چاہیے، سردار عتیق احمد خان

راولپنڈی،مظفرآباد (پی این آئی) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے قائد و سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ مودی کی پالیسیوں کے باعث جنوبی ایشیاء تباہی کے کنارے پر کھڑا ہے، عالمی طاقتوں اور اقوام متحدہ کو اس صورتحال کا نوٹس لے کر فوری مداخلت کرنی چاہیے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے

گزشتہ روز مجاہد منزل آئے مسلم کانفرنس اوورسیز انوسٹمنٹ بورڈ کے چیئرمین چوہدری جمیل تبسم، صاحبزادہ حفیظ عباسی، سردار فاروق عباسی، حیات عباسی، محمد ایاز عباسی ودیگر سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ کشمیر جنوبی ایشیاء کا فلش پوائنٹ ہے، دو ایٹمی طاقتیں آمنے سامنے ہیں، اقوام متحدہ کو تماشائی کا کردار ادا کرنے کے بجائے فعال کردار ادا کرنا ہوگا، مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے ایک باقاعدہ طریقہ کار طے کرنا چاہیے، مقبوضہ کشمیر کے عوام اس وقت بدترین محاصرے میں ہیں، ہندوستان ظلم و جبر کے ذریعے کشمیریوں کی آزادی کو دبانا چاہتا ہے، مگر اسے ہر محاذ پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، اب بھی ہندوستان شکست کی راہ پر چل رہا ہے، مودی نے ہٹلر کا راستہ اپنایا ہوا ہے یہ راستہ تباہی کی طرف جاتا ہے، سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ اوآئی سی کو بھی اس صورت حال میں فعال کردار ادا کرنا چاہیے اس کے علاوہ اسلامی ممالک کو بھی مسلمانوں کو بچانے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔اس موقع پر انوسٹمنٹ بورڈ اور دیگر وفود میں شامل افراد نے اپنے اپنے حلقہ جات میں عوامی مسائل بارے آگاہ کیا اور آمدہ عام انتخابات کے حوالے سے بھی تفصیلی بات چیت ہوئی جس پر وفود نے سردار عتیق احمد خان کو مسلم کانفرنس کی کامیابی کی بھی یقین دہانی کروائی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close