سردار عتیق احمد خان تین روزہ دورے پر غازی آباد دھیر کوٹ پہنچ گئے ، باغ کے وکلاء سے خطاب، پاک فوج زندہ باد کنونشن سے خطاب کرینگے

دھیر کوٹ،مظفرآباد (پی این آئی) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے قائد وسابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان تین روزہ دورے پر غازی آباد دھیر کوٹ روانہ ہوئے، جہاں وہ آج ڈسٹرکٹ بار باغ کے وکلاء سے خطاب کرینگے، اس کے علاوہ 21 نومبر کو چڑالہ کے مقام پر مسلم کانفرنس یوتھ ونگ یونین کونسل چڑالہ کے

زیراہتمام پاک فوج زندہ باد کنونشن سے خطاب کرینگے، کنونشن کی تیاریاں مسلم کانفرنس یوتھ ونگ کے زیراہتمام زور شو ر سے جاری ہیں، اس سے قبل مسلم کانفرنس نے نیلم، دھیر کوٹ، کھاوڑہ، باغ، کوٹلہ، بھمبر، کھڑی شریف شاندار اور کامیاب کنونشن منعقد کئے اور اب مسلم کانفرنس یوتھ ونگ چڑالہ کے زیراہتمام ایک عظیم الشان افواج پاکستان زندہ باد کنونشن کا انعقاد کیا جارہا ہے جس کنونشن میں قائد مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان، مرزاء محمد شفیق جرال ایڈووکیٹ کے علاوہ مسلم کانفرنس یوتھ ونگ کے مرکزی چیئرمین سردار عثمان علی خان و دیگر قائدین بھی خطاب کرینگے، دریں اثنا مسلم کانفرنس کے قائد سردار عتیق احمد خان نے دھیر کوٹ پہنچنے پر کانفرنسی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرونا کی عالم گیر وباء سے گھبرانے کی ضرورت نہیں اس کا مقابلہ لڑ کر ہی کیا جاسکتا ہے، لڑنے کا بہترین طریقہ احتیاطی تدابیر کے مطابق ایس او پیز پر مکمل عمل کریں، انہوں نے کہا کہ عوا م کی اپنی اور اپنے عزیز و اقارب کی بہتری اسی میں ہے کہ حکومت اور انتظامیہ کی ہدایات پر سختی سے عمل کیا جائے اور انسانی زندگیاں بچانے کے لئے اہم ہے کہ سیاسی و سماجی، کاروباری سرگرمیاں انسانی جانوں سے زیادہ اہم ہیں، عوام کو اس طرح کے رویے کا مظاہرہ کیا جائے تاکہ کرونا جیسی موذی مرض سے عوام جلد نجات حاصل کر سکیں اور زندگی کے روزمرہ معمولات بہتری کی طرف آسکیں اور ایک بار پھر سے عوام پر سکون زندگیاں بسر کرنے لگیں، انہوں نے کہا کہ عوام کو خوف زدہ ہونے کے بجائے توبہ استغفار کرنا چاہیے اور اپنے ارد گرد مستحق افراد کی بھی مدد کرنا چاہیے۔حکومت پاکستان پوری طرح سے اس وباء پر قابوپانے کے لئے کوشش کررہی ہے لیکن عوام کے تعاون کے بغیر اس موذی مرض کو شکست دینا مشکل ہے، انہوں نے کہا کہ اس طرح کے حالات انسانیت کے لئے آزمائش کی حیثیت رکھتے ہیں۔دریں اثنا ء قائد مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان نے دھیر کوٹ دورہ کے دوران سیری بانڈی کے مقام پر چوہدری محمد رشید کی والدہ اور مسلم کانفرنس یوتھ ونگ کے مرکزی رہنماء چوہدری شوکت خورشید کی دادی کی وفات پر تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close