گلگت بلتستان کے عوام نے انتخابات میں اپنا فیصلہ سنا کر عمران خان کے ویژن اور بصیرت پر اعتماد کا اظہار کیا، گلزار فاطمہ

مظفرآباد (پی این آئی) آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کی سابق رکن اور انصاف ویمن ونگ کی جنرل سیکرٹری گلزارفاطمہ نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام نے انتخابات میں اپنا فیصلہ سنا کر عمران خان کے ویژن اور بصیرت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے

انتخابات میں بالغ نظری اور دور اندیشی کا مظاہرہ کرکے اپنا وزن قومی سوچ کے پلڑے میں ڈالا ہے۔گلگت بلتستان کےانتخابات عمران خان اور ان کی مخالف قوتوں کی مقبولیت کا ٹیسٹ کیس تھا۔شہیدوں اور غازیوں کے جانشینوں نے ریاست مخالف بیانیہ رد کرکے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔انہوں نے کہا کہ جلد پی ٹی آئی اس علاقے میں حکومت تشکیل دے کر مدتوں سے چلی جانے والی محرومیوں کے خاتمے کا آغاز کر ے گی۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے باشعور عوام بھی آمدہ انتخابات میں عمران خان کے نظریے اور فلسفے پر مہرتصدیق ثبت کریں گے۔آزادکشمیر کے عوام حقیقی اور بامعنی احتساب کے آغاز کے لئے پی ٹی آئی کی جانب دیکھ رہے ہیں۔آزادکشمیر میں جس طرح وسائل کو بے دردی سے ضائع کیا گیا ہے اس نے اس خطے کی تعمیر وترقی کی منزل دور کر رکھی ہے۔ان وقت آگیا ماضی کے ان رویوں اور کرداروں کو احتساب کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔انہوں نے کہا جزا اور سزا کے تصور سے عاری معاشرے زوال کی گہرائیوں میں گر جاتے ہیں اور ان کی تعمیر نو کے لئے مدتیں درکار ہوتی ہیں۔آزادکشمیر کے عوام ایک نئی صبح کے طلوع کے لئے پی ٹی آئی سے امیدیں وابستہ کئے ہوئے ہیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close