مظفرآباد(پی این آئی) وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ سابقہ ادوار میں برسراقتدار رہنے والوں کے کارنامے اگر عوام کے سامنے لے آوں تو سب کو چڑیا گھر میں رکھنا پڑے۔ ایک سابق وزیر اعظم کہتا ہے کہ ہم نے ایل او سی پیکج ہضم کر لیا اس کو معلوم نہیں کہ ایل او سی پیکج کے
اب تک 11 کروڑ روپے ریلیز ہوئے جو پاک فوج کو بنکرز کی تعمیر کے لیے دیے گئے ہیں۔ ایک سابق وزیر خزانہ کہتے ہیں 30 ارب کا حساب لیں گے ان کو کہیں آئیں بیٹھ کر حساب کر لیں جو جس کے ذمے نکلے گا تو پھر گلہ نہ کیجئے گا۔سردار عتیق کہتے ہیں کہ میں گلگت بلتستان کے حوالے سنسنی پھیلا رہا ہوں انہیں کہیں کہ سب سے بہترین اور سخت بات آپ کے والد صاحب نے کی تھی،کیا وہ بھی سنسنی خیزی پھیلا رہے تھے؟۔ میڈیا کشمیریوں کے خون کو بزنس کی نظر سے نہیں دیکھے۔ہندو ستان نے لائن آف کنٹرول پر جو قیامت صغراءبرپا کی اسکو میڈیا پر نہیں دکھایا گیا۔ میڈیا غیر جانبداری کے ساتھ سب کا محاسبہ کرے، اگر کوئی الزام لگاتا ہے تومیڈیا اس سے ثبوت مانگے اور جس پر الزام لگا ہے اس سے جواب۔بلاوجہ کسی کو الزام نہیں لگانے دوں گا۔افسوس ہے کہ گلگت بلتستان کے لوگوں نے اپنے آپ کو مسئلہ کشمیر سے الگ کیا جس کا انہیں بھی نقصان ہوگا اور ہمیں بھی۔لائن آف کنٹرول پر ہندوستانی فائرنگ گولہ باری سے شہید ہونے والے تمام افراد کے اہلخانہ کی کفالت حکومت آزاد کریگی، انکو ماہانہ 3 ہزار روپے فی کس وظائف دیے جائیں گے یہ رقم حکومت آزاد کشمیر اپنے بجٹ سے دیگی اسکا حکومت پاکستان کے پیکیج سے کوئی تعلق نہیں۔کرونا وائرس کی دوسری لہر پہلے سے زیادہ خطرناک ہے لوگ احتیاط کریں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن آزاد کشمیر کے نومنتخب عہدیداران سے حلف لینے کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر نومنتخب عہدیداران صدر آصف رضا میر، سینئر نائب صدر امیر الدین مغل، نایب صدر سردار رضا، نائب صدر اول راجہ عدیل، جنرل سیکرٹری نعیم عباسی، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری سفیر احمد رضا سیکرٹری، جائنٹ سیکرٹری فائزہ گیلانی، سیکرٹری مالیات نصیر چوہدری، پروگرام کوآرڈینیٹر ندیم شاہ سے حلف لیا۔ تقریب سے صدر ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن آصف رضا میر سینئر صحافی محمد عارف عرفی نے بھی خطاب کیا۔وزیرا عظم نے کہاکہ سیکورٹی کونسل مفادات کا ٹولہ ہے اس سے کشمیریوں کو کچھ نہیں ملنے والا،ہمیں اپنی حیثیت کو دنیا میں منوانا ہوگا تاکہ دنیا ہماری بات توجہ سے سنے۔آنے والا وقت فیصلہ کریگا کہ گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کا اقدام پاکستان کے مفاد میں تھا یا نہیں۔انہوںنے کہاکہ جب تک آزاد کشمیر موجود ہے مسئلہ کشمیر کوئی ختم نہیں کرسکتا،ریاست پاکستان کے ساتھ کشمیریوں نے ہمیشہ وفا کی ہے اور کرتے رہیں گے۔ ہندوستان کی جانب سے کی جانے والی جارحیت کو کوریج دینی چاہیے تاکہ دنیا ہندوستان کا اصل چہرہ دیکھ سکے اور پاکستان کے عوام بھی بھارتی ظلم و بربریت دیکھ سکیں۔میڈیا کا کردار انتہائی اہم اس شعبہ سے وابستہ لوگوں کو انتہائی ذمہ دار ہونا چاہیے،آزاد
میڈیا انتہائی ناگزیر ہے تاکہ لوگوں تک درست انفارمیشن پہنچے۔ انہوں نے کہاکہ میڈیا میرا محاسبہ کرے تو مجھے خوشی ہوتی ہے،کسی کا ذاتی مخالف نہیں لیکن کسی قسم کا ڈھونگ ڈرامہ آزاد کشمیر میں ممکن نہیں۔ انہوںنے کہاکہ ہندوستانی فائرنگ گولہ باری سے شہید،زخمی، املاک کے نقصانات، مال مویشیوں کے نقصانات کے معاوضہ جات میں اضافہ کیاگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا کی دوسری لہر پہلے سے زیادہ خطرناک ،عوام ذمہ داری کا مظاہرہ کریں،کرونا وائرس سے بچاو کے حوالے سے آئندہ چند روز میں اہم فیصلہ کرینگے،مظفرآباد میں صفائی مہم شروع کررہے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہاکہ ایل او سی کے متاثرین کو معاوضہ اور امداد پہنچائی جارہی ہے،برفباری کے باوجود انتظامیہ اور ایس ڈی ایم اے حکام متاثرین تک امداد پہنچارہے ہیں۔اس موقع پرکرونا وائرس اور گزشتہ دنوں وفات پانے والے میڈیا پرسنز کے بلندی درجات کےلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں