مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے سابق اُمیدوار حلقہ چڑہوئی راجہ نعیم منصف داد ساتھیوں سمیت سردار عتیق کے قافلہ میں شامل

اسلام آباد (پی این آئی) مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے سابق اُمیدوار حلقہ چڑہوئی راجہ نعیم منصف داد اپنے ساتھیوں سمیت سردار عتیق کے قافلہ میں شامل ہو گئے۔ راجہ نعیم سابق وزیر حکومت راجہ منصف داد کے سیاسی جانشین ہیں ۔ ن لیگ آزاد کشمیر کو بڑا دھچکہ ۔ راجہ نعیم نے یہاں نیشنل پر یس کلب میں اپنے ساتھیوں

کے ہمراہ ن لیگ سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا ۔ اس موقع پر پر ہجوم پریس کانفرنس سے سابق وزیر اعظم سردار عتیق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم کانفرنس کشمیریوں کی نمائندہ جماعت اور محفوظ مستقبل کی ضامن ہے ۔ آزادکشمیر سے لوگوں کا جوق در جوق مسلم کانفرنس میں شامل ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ آنے والا دور مسلم کانفرنس کا ہے ۔ ریاست کی اولین جماعت پر اعتماد بہتر مستقبل کی نشاندہی ہے ۔ وقت نے ثابت کیا کہ دھاندلی اور جبر سے بنایا گیا کوئی بھی سیاسی نظام دیر تک نہیں چل سکتا ۔ نواز لیگی رہنماءوں کی مسلم کانفرنس میں واپسی سیاسی حالات میں بہتری کا پیغام ہے ۔ مسلم کانفرنس نظریاتی ، فکری اور سیاسی بحالی کے راستے پر گامزن ہو چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی بنیادیں کھوکھلی ہو چکی ہے ۔ مستقبل میں نواز لیگ آزادکشمیر کے منظر نامے پر دور دور تک دکھائی نہیں دیتی ۔ میاں نواز شریف نے مسلم کانفرنس کو تقسیم کرکے تحریک آزادی پر سمجھوتہ کرنا چاہتے تھے ۔ مگر جماعت کے قائدین اور کارکنان نے سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور مسلم کانفرنس کا پرچم سرنگوں نہ ہونے دیا ۔ آج مسلم لیگ مکافات عمل سے گزر رہی ہے ۔ پاکستان اور آزادکشمیر میں ن لیگ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے ۔ آزادکشمیر میں عام انتخابات سے قبل بہت سارے لوگ ن لیگ کو خیر باد کہہ دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ نواز لیگ کا بیانیہ ملک کے لیے زہر قاتل ہے ۔ کوئی محب وطن شخص خواہ وہ ن لیگ کے اندر ہے یا باہر پاکستان اور فوج مخالف بانیے سے اتفاق نہیں کر سکتا ۔ ساری دنیا میں بائیں بازو کی جماعتیں ملک اور افواج کے ساتھ کھڑی ہیں ۔ جلد محب وطن سیاسی قوتیں ان کے بیانیے سے کنارہ کشی کر لیں گی ۔ سردار عتیق نے کہا کہ وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان نمائندگی کا حق ادا کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں ۔ تمام تر اختلافات کے باوجود ہم سب نے بار ہا انہیں اپنا وزیر اعظم اور نمائندہ قرار دیا لیکن 5 اگست ہو یا گلگت بلتستان پر حالیہ صورت حال ہو ان اہم مواقوں پر وزیر اعظم آزادکشمیر اپنی جماعت سمیت میڈیا اور تمام لوگوں کی دسترس سے دور نکل جاتے ہیں ۔ آزادکشمیر میں نواز لیگ شاخ کے سربراہ فاروق حیدر خان کا کشمیر بچاءو تحریک کا اعلان مضحکہ خیز ہے ۔ وہ کشمیر بچاءو تحریک کا ذکر کرنے سے قبل لیگی رہنما نواز شریف کے دست راست سرتاج عزیز کی رپورٹ کا معالعہ کریں اور نواز لیگی قیادت کے مسئلہ کشمیر کے لیے پیدا کیے جانے والے خطرات سے بچاءو کا اہتمام کریں ۔ فاروق حیدر سنسنی خیز بیانات دے کر آزادکشمیر میں موجودہ نظریاتی انتشار میں اضافہ پیدا کرنا چاہتے ہیں ۔ وہ عوام اور دوسرے سیاسی عناصر کو متوجہ کرنے کے بجائے رائیونڈ جا کر اپنی قیادت سے ان کے بیانیے اور کشمیر دشمن پالیسیوں پر احتجاج کریں تو یہ مناسب ہوگا ۔ سردار عتیق نے کہا کہ مسلم کانفرنس ریاستی تشخص ، وحدت اور کامیاب مستقبل کی ضامن سیاسی قوت ہے ۔ مسلم کانفرنس کا یہ امیتاز ہے کہ اس جماعت میں لیڈروں سے زیادہ کارکنان کی عزت نفس اور وقار کا خیال رکھا جاتا ہے ۔ راجہ نعیم منصف داد کی واپسی نے بہت سارے دوسرے لوگوں کے لیے دروازہ کھول دیا ہے ۔ ان کی شمولیت سے مسلم کانفرنس چڑھوئی میں ایک بھرپور انتخابی قوت کے طور پر سامنے آ رہی ہے ۔ پرانے مسلم کانفرنسی کارکن ماضی کی تمام تلخیوں کو بھلا کر بہتر مستقبل کی تعمیر کرے لیے آنے والے ساتھیوں کو فراخ دلی اور خندہ پیشانی سے گلے لگائیں ۔ پریس کانفرنس سے مسلم کانفرنس کے صدر مرزا محمد شفیق جرال ، ملک محمد نواز خان، راجہ محمد یسین خان ، سردار محمد صغیر چغتائی نے بھی خطاب کیا ۔ نئے شامل ہونے والے راجہ نعیم منصف داد خان نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت نے کارکنوں کو مایوس کیا ۔ نواز شریف فوج مخالف بیانیہ سے مایوس ہو کر ن لیگ کو خیر آباد کیا ۔ مسلم کانفرنس ہمارے آباءو اجداد کی جماعت ہے ۔ اسکی مضبوطی کے لیے دن رات کام کریں گے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close