تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل کے چیئر مین کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات، کشمیر کی صورتحال پر گفتگو

اسلام آباد (این این آئی)جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور خطے میں امن و استحکام کو درپیش خطرات کے

حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ راجہ نجابت حسین نے کہا کہ تحریک حق خود ارادیت برطانیہ، یورپ، پاکستان اور آزاد کشمیر میں کانفرنسز، سیمینارز کے انعقاد کے ذریعے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کا پردہ چاک کر رہی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ہماری خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے ۔ انہوںنے کہاکہ نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے حوالے سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور کشمیریوں کی خدمات قابل تحسین ہیں ۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ 5 اگست کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کو تمام کشمیری یکسر مسترد کر چکے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ کشمیریوں کی آواز کو دبانے کیلئے بھارتی قابض افواج کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر مظالم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان، کشمیریوں کی آواز کو مسلسل، اقوام متحدہ، یورپین یونین، انسانی حقوق کے اداروں، او آئی سی، سمیت اہم عالمی فورمز پر اٹھا رہا ہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان، کشمیریوں کے جائز حق، حق خود ارادیت کے حصول تک ان کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی معاونت جاری رکھے گا ۔ چیئرمین تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل راجہ نجابت حسین نے کشمیریوں کی آواز کو موثر انداز میں عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور بہترین خارجہ پالیسی اپناتے ہوئے، بھارتی مظالم کو منظر عام پر لانے پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا، یوتھ پارلیمنٹ پاکستان کے صدر عبید قریشی اور چیرمین یوتھ ونگ ذیشان عارف بھی اس ملاقات میں موجود تھے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close