گلگت بلتستان ریاست جموں وکشمیر کاحصہ ہے، اس علاقے کےعوام کوحقوق دینے کے لیے اجتماعی مشاورت کی ضرورت ہے، سردار عتیق احمد خان

مظفرآباد(پی این آئی) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے قائد وسابق وزیراعظم سردار عتیق احمدخان نے کہا کہ ہندوستان مسئلہ کشمیر کے حل سے انکار کر کے جنوبی ایشیاء کو تباہی کی طرف دھکیل رہا ہے۔اقوام متحدہ نے اس مسئلے کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات نہ اٹھائے تو خطے کسی بڑی تباہی کاشکار ہوسکتا ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز مظفرآباد دورے کے دوران ایم ایل اے ہاسٹل میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیرکے عوام تحریک آزادی کے لیے قربانیاں دے رہی ہے۔کشمیری عوام نے آزادی اور حق خودارادیت کے لیے بے تحاشہ قربانیاں دی ہیں آج بھی ہندوستان کی نولاکھ فوج ہندوستانی حقوق کی دھجیاں بکھیر رہی ہے۔عوام بدترین محاصرے میں ہے عالم ذرائع ابلاغ کاداخلہ بند،مودی ہٹلر بن کر کشمیری عوام اور اقلیتوں پر ظلم ڈھارہا ہے ان حالات میں اقوام متحدہ کا کردار اہم ہے۔اقوام متحدہ کی قراردادیں مسئلہ کشمیر کے حل کی بنیاد ہیں مگرہندوستان ان قراردادوں کو تسلیم نہیں کرتا۔ عالمی طاقتوں کو چاہیے کہ ہندوستان کو اس بات پر مجبور کرے کہ وہ کشمیری عوام کو ان کاحق دے۔سردار عتیق احمدخان نے کہاکہ گلگت بلتستان ریاست جموں وکشمیر کاحصہ ہے گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے سے کشمیر پر پاکستان کا موقف کمزور ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان کو حقوق دینے کے لیے اجتماعی مشاورت کی ضرورت ہے۔ کنٹرول لائن پر ہندوستان کی جارحیت اور بلااشتعال فائرنگ خطرے کی گھنٹی ہے یہاں پھیلنے والی کشیدگی تین ایٹمی طاقتوں کے درمیان جنگ کی شکل اختیار کرسکتی ہے اس لیے مسئلہ کشمیر کو منصفانہ بنیادوں پرحل کیاجانا چاہیے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close