اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف آزادجموں وکشمیر کی مرکزی گورننگ باڈی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے کہا کہ آزادکشمیر کےعوام نون لیگ کی نااہل اور بدعنوان حکومت سے تنگ آچکے ہیں اور لوگ تبدیلی کے لیے بڑی تعداد میں تحریک انصاف میں شامل
ہورہےہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کی حکومت تحریک آزادی کو اجاگر کرنے کے لیے ایک بھی ٹھوس اقدام نہیں کرسکی۔ راجہ فاروق حیدر قومی سطح پر کشمیر کے حوالے سے اتفاق رائےپیدا کرنے کے بجائے سیاسی محاذ آرائی کا حصہ کا بن چکے ہیں۔ ان کے غیر ذمہ دارانہ بیانات نے نہ صرف آزادکشمیر میں مایوسی اور بے چینی پیدا کی بلکہ مقبوضہ کشمیر میں بھی کنفوژن پھیلایا۔ وہ بتائیں کہ وہ کس کے ایجنڈے پر کام کررہے ہیں۔ اجلاس میں گلگت بلتستان کے الیکشن میں تحریک انصاف کی بھرپور انتخابی مہم اور عوامی پذیرائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے گورننگ باڈی نے گلگت بلتستان کے عوام کے بنیادی اور سیاسی حقوق کے مطالبات کو جائز قراردیتے ہوئے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر اور تحریک آزادی کشمیر کے قانونی پہلوؤں، اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی وعدوں کا پاس رکھتے ہوئے گلگت بلتستان کے عوام کی محرومیوں کو دور کرنے کے لیے مناسب انتظامی اور آئینی اقدمات اٹھائے۔ پی ٹی آئی کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق مرکزی گورننگ باڈی کے اجلاس کے شرکا نے حال ہی میں نبی آخرالزمان ﷺ کے خلاف گستاخانہ خاکے بنانے والے دفتر کے باہر ہوئے حملے پر فرانسی صدر ایمانوئل میکرون کی طرف سے اسلام کو دہشت گرد مذہب کے روپ میں روشناس کرانے کی کوششوں پرشدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ گورننگ باڈی نے متفقہ طور پر کہا کہ مسلمان رسول اللہ ﷺ کی شان میں کوئی بھی گستاخی برداشت نہیں کرسکتے اور خبردار کرتے ہیں کہ ڈیڑھ ارب انسانوں کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جو ان کے جذبات کو مجروح کرتے ہیں۔ پی ٹی آئی نیشنل سیکورٹی کے مشیر معید یوسف کی طرف سے کشمیریوں کو پرنسپل پارٹی کے طور پر مذاکرات میں شامل کرنے پر حکومت پاکستان کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔ گورننگ باڈی نے وزیراعظم عمران خان کی کشمیر پالیسی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ جس قدر جرآت اور تسلسل کے ساتھ مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اٹھارہے ہیں اس کی ماضی میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔ گورننگ باڈی نے وزیراعظم عمران خان کی طرف سے آزادکشمیر کے شہریوں کو انصاف صحت کارڈ جاری کرنے اور لائن آف کنٹرول کے متاثرین کے لیے ساڑھے تین ارب روپے گرانٹ کی فراہمی کا خیرمقدم کیا اور نون لیگی حکومت کو خبردار کیا کہ وہ وفاق کے ان منصوبوں پر اپنی تختیاں لگانے اور سیاست چمکانے سے گریز کرے۔بیرسٹر سلطان محمود نے گورننگ باڈی کو آئندہ سال ہونے والے الیکشن اور رابط عوام مہم کے حوالے سے بریفنگ دی اور اطمنان کا اظہار کیا کہ عام شہریوں کے علاوہ دیگر سیاسی جماعتوں سے مایوس ہو کر بااثر سیاسی کارکن اور رہنما پی ٹی آئی میں شامل ہورہے ہیں۔ عوام کا پی ٹی آئی کی طرف غیر معمولی جھکاؤ اور پذیرائی عمران خان کے وژن کی فتح ہے۔اجلاس کو سیکرٹری جنرل عبدالماجد خان نے تنظیمی امور کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یونین کونسل کی سطح کی زیادہ تر تنظیمیں مکمل ہوچکی ہیں اور بقیہ اگلے چند ہفتوں میں مکمل ہوجائیں گی۔ اجلاس میں سینئر نائب صدرچودھری ظفر انور،نائب صدر راجہ خورشید خان، نائب صدرچودھری اظہر صادق، جنرل سیکرٹری عبدلماجد خان، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری راجہ منصور خان، ڈپٹی جنرل سیکرٹری سردار مرتضے علی احمد،ڈپٹی سیکرٹری جنرل چوہدری مقبول احمد،ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم بٹ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل قاضی محمد اسرائیل خان ،ڈپٹی سیکرٹری جنرل سکندر بیگ،سیکرٹری مالیات ذوالفقار عباسی اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات ارشاد محمود نے شرکت کی۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں