راولپنڈی (پی این آئی) ریاست جموں وکشمیر کے عوام کی سواد اعظم آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کی اٹھاسیویں (88ویں) سالگرہ کی تقریبات آزاد کشمیر، پاکستان میں مقیم مہاجرین جموں وکشمیرکے علاوہ دنیا بھر میں منعقد کی جا رہی ہیں۔ 15,16,17 اکتوبر 1932 کو سرینگر کی پتھر مسجد میں ریاست جموں وکشمیر
کے مسلمانوں نے ایک تاریخ ساز اجتماع میں ریاستی مسلمانوں کی اولین سیاسی جماعت مسلم کانفرنس کی بنیاد رکھی تھی۔ مسلم کانفرنس کا قیام ریاست کی سیاسی تاریخ کا اہم ترین واقعہ اور ایک بیداری کا ثبوت تھا جس میں مسلمانان ریاست جموں وکشمیر نے کسی علاقائی، گروہی، لسانی یا نسلی تعصب کو حائل نہیں ہونے دیا اورمکمل اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے کشمیریوں کی آزادی اور اُن کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لئے ایک عملی جدو جہد کا آغاز کیا۔ آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے قائدسابق وزیر اعظم آزادکشمیر سردار عتیق احمد خان نے ان خیالات کا اظہار جماعت کے اٹھاسیویں (88 ویں) یوم تاسیس کے موقع پر جاری اپنے ایک خصوصی پیغام میں کیا۔ انھوں نے کہا کہ آزادکشمیر، مہاجرین مقیم پاکستان اور بیرون ممالک میں مقیم کشمیری جماعت کے ایام تاسیس کے موقع پر اپنی اپنی سطح پر اجتماعات کا انعقاد کریں اوراس عہد کی تجدید کریں کہ وہ اُن عظیم مقاصد اور نصب العین کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے جن کی بنیاد پر آج سے اٹھاسی سال قبل مسلم کانفرنس کا قیام عمل میں آیا تھا۔ سردار عتیق احمد خان نے جماعتی کارکنوں کے نام اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ سرینگر کی پتھر مسجد میں ہمارے اسلاف نے مسلم کانفرنس کی بنیاد رکھی جس کا مقصد مسلمانان جموں وکشمیر کی خدا کے دین کے ساتھ وابستگی کو مضبوط بناکر اپنے حقوق کے حصول کی جدو جہد کا آغاز کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم اپنے اُن اکابرین / شرکاء / منتظمین/ مقررین اور کارکنان کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے تاریخی اور تاسیسی اجتماع میں کشمیری مسلمانوں کے لئے واضح منزل کا تعین کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس نے اپنے قیام سے لیکر آج تک ریاست کے دینی / نظریاتی اور سیاسی تشخص کو قائم رکھنے میں اپنی ذمہ داریاں ادا کی ہیں۔ ریاست کے دینی تشخص کے خلاف اندرون اور بیرون بہت بڑے بڑے طوفان آتے رہے، پاکستان میں بھٹو کے سوشلزم کا طوفان بھی آیا لیکن مسلم کانفرنس کو یہ طوفان اپنے راستے سے نہیں ہٹاسکے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس نے اپنے قیام کے بعد رئیس الا حرار قائد ملت چوہدری غلام عباسؒ کی قیادت میں 19جولائی 1947کو قرارداد الحاق پاکستان کی شکل میں کشمیریوں کیلئے ایک واضح نصب العین کا تعین کیا اور پھر 1970کی دہائی میں مجاہد اول سردار عبد القیوم خان نے ”کشمیر بنے گا پاکستان“ کا نعرہ دیکر قوم کی فکری و نظریاتی رہنمائی کی جو آج بھی ہمارا ورثہ ہے جسے مسلم کانفرنس اپنی چوتھی نسل میں کامیابی کے ساتھ منتقل کرنے کیلئے اپنا تاریخی کردار ادا کر رہی ہے۔سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ مسلم کانفرنس اپنے قیام سے آج تک تسلسل کے ساتھ آزادی اور تکمیل پاکستان کی جدو جہد میں مصروف ہے۔ ہم للہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ قائد اعظم نے قیام پاکستان سے پہلے اپنے دورہ سرینگر میں مجوزہ پاکستان کا جو پرچم مسلم کانفرنس کے ذریعے جموں وکشمیر کے عوام کو تھمایا تھا وہ آج بھی ریاست جموں وکشمیر کے کونے کونے میں سرفراز و سربلند ہے۔انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج ملک پاکستان تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہا ہے۔پاکستان کی اندرونی صورت حال میں ہر آنے والے دن کے ساتھ مسائل اور مصائب کا اضافہ ہو رہا ہے، آزاد کشمیر میں ایک منظم سازش کے تحت عوام کو ان کے حق رائے دہی سے محروم کر کے غیر ریاستی قوتوں کو مسلط کیا گیا جس سے تحریک آزادی کشمیر کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا اور ایک منظم پروگرام کے تحت مسلم کانفرنس کو تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی انھوں نے اس امر پر اللہ کا شکر ادا کیا کہ اللہ کے فضل و کرم سے مسلم کانفرنس آج بھی ریاست جموں وکشمیر کی سب سے بڑی نظریاتی سیاسی قوت ہے جو تقسیم کشمیر کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے بھرپور عزم اور قوت رکھتی ہے۔ انہوں نے آزادکشمیر، مہاجرین مقیم پاکستان اور بیرون ممالک میں مقیم مسلم کانفرنس کے عہدے داروں اور کارکنان سے کہا کہ وہ مسلم کانفرنس کی اٹھاسیویں (88ویں) سالگرہ کی تقریبات بھرپور طریقہ سے منعقد کریں، جماعت کی مضبوطی اور استحکام کیلئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں اور اس عہد کی تجدید کریں کہ جماعت کی بنیاد رکھتے وقت جن مقاصد کا تعین کیا گیا تھا ان کے حصول کی جدو جہد جاری رکھی جائے گی۔ تحریک آزادی کشمیر کے اپنے منطقی انجام تک پہنچنے تک یہ تحریک جاری رہے گی۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں