اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ کی 15ویں سالانہ تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب

میرپور آزاد کشمیر( پی این آئی) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ کشمیرہمارے وجود کا حصہ ہے اور اس کے بغیر ہم ادھورے ہیں، ہم کشمیر کو کبھی نہیں بھولے۔ کشمیر کا مقدمہ عالمی سطح پر لڑ رہے ہیں اور دنیا کی تمام ریاستوں میں کشمیر کا مقدمہ لڑنے کے لیے پارلیمانی وفود بھیجے۔ کشمیر ایشو کو اُجاگر

کرنے میں کوئی بھی کسر اُٹھا نہیں رکھیں گے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام تروسائل کو بروے کار لائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میر پور آزادکشمیر میں فلاحی ادارے کشمیرآرفن ریلیف ٹرسٹ کی 15ویں سالانہ تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرنے کہاکہ کشمیر ایشو ہماری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، حریت قیادت کی تجاویز کو لے کر آگے جائیں گے۔حکومت پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے ڈھائے جانے والے مظالم اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کو سلب کیے جانے والے معاملات کو دنیا بھر میں بھرپور طریقے سے اُجاگر کر رہی ہے۔ دنیا میں جتنی بھی کانفرنسز ہوئی ہیں چاہے وہ اسپیکرز کانفرنس ہوں یا دیگر کانفرنسز میں پاکستان نے کشمیر کے ایشو پر دو ٹوک موقف اختیار کیا ہے اور ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو اپنی ترجیحات میں رکھا ہے۔مقبوضہ کشمیرمیں جو ظلم ہورہا ہے اسے ہم اپنا درد اورزخم سمجھتے اور محسوس کرتے ہیں۔اسپیکر قومی اسمبلی نے چوہدری محمد اختر کی انسانیت کے لیے خدمات کوسراہتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی کام خلوص اور لگن سے کیا جائے تو اس میں کامیابی حاصل ہوتی ہے۔ کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ کے بانی چیئرمین چوہدری محمد اختر انسانیت کی خدمت کا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں وہ دوسروں کے لئے رول ماڈل ہیں اُن کی خدمات کے باعث انہیں ستارہ امتیاز سے نوازا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اُن کی مہارت سے استفادہ کرتے ہوئے ملک کے دیگر علاقوں میں بھی کورٹ کی طرز پر ادارے قائم کریں گے۔وفاقی حکومت نے سپیشل بچوں اور اسٹریٹ چلڈرن کے لیے نیشنل اسمبلی میں الگ الگ سپیشل کمیٹیاں قائم کی ہیں جو ان بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت متعدد چیلنجز کا سامنا ہے،جن میں ملکی معیشت کی بحالی بھی شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے مل کر ان چیلنجز پر قابو پانا اور ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔اسپیکر نے کہا کہ اُن کا تعلق ایک مڈل کلاس فیملی سے ہے،وہ پہلی دفعہ قومی اسمبلی کے ممبر منتخب ہو کر اسپیکر قومی اسمبلی کے عہد پر فائز ہوئے ہیں اس سے قبل اُن کے خاندان کا کوئی فرد بھی حکومت کا حصہ نہیں رہا۔انہوں نے کہا کہ اسپیکر اسمبلی منتخب ہونے سے قبل بھی وہ انسانیت کی خدمت سے وابستہ تھے۔ انہوں نے کورٹ کے بچوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی بچہ خود کو بے سہارا نہ سمجھے،محنت اور لگن سے منزل اورمقاصد حاصل کیے جاسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب ہم اپنے ذاتی انا اور ذاتی مفادات سے بالا تر ہو کر کام کریں گے تو اللہ تعالی بھی ہمیں عزت سے نوازے گااور ہمارے لیے آسانیاں بھی پیدا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی انسان کی کامیابی اور ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے تو وہ اس کی اپنی سوچ ہے،انہوں نے کہاکہ ہر کوئی جس کے پاس منصب ہے وہ اس منصب اور اختیار کو قوم،ملک اور اپنے لوگوں کے بہترین مفاد کے لیے استعمال کرئے۔سب سے بڑی چیز انسان کی عزت نفس ہے۔ انہوں نے طلباء وطالبات اور نوجوانوں سے کہا کہ وہ اپنے متعین کردہ اہداف کے حصول کے لیے زیادہ سے زیادہ محنت اور لگن سے کام کریں۔ قبل ازیں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے سپورٹس اکیڈمی کا افتتاح کیا اور کورٹ میں سپورٹس سرگرمیوں کی کامیابی کے لئے دعا کی۔تقریب سے سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان،کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ کے بانی چیئرمین چوہدری محمداختر، حریت راہنما الطاف احمد بٹ، چوہدری عابد، لاہور قلندر کے فواد رانانے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پرپاک آرمی کے میجرجنرل ماجد جہانگیر، آزاد کشمیر کے وزیر مال سردارفاروق سکندرخان،سابق وزیر چوہدری محمد سعید،نیشنل پریس کلب کے صدر محمد افضل بٹ،آزادکشمیر و پاکستان، برطانیہ،یورپ،میڈل ایسٹ،ساوتھ افریکہ سمیت بیرون ممالک سے ڈونرز، پاک آرمی، سیاسی وسماجی کاروباری شخصیات،میڈیا نمائندگان، فلاحی و رفاعی تنظیموں کے ممبران،کورٹ کے بچوں،ان کے والدین،خواتین،اساتذہ اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں