مظفرآباد(آئی این پی)وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ 8اکتوبر2005کے سانحہ کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔08اکتوبر کو آنے والے زلزلے کے بعد حکومت پاکستان اورپاکستانی قوم اس سانحہ کی تباہ کاریوں سے پیدا ہونے والے حالات سے مقابلہ کرنے کیلئے ایک
ایسی زنجیر بن گئی جس کی وجہ سے ہمارے حوصلے بڑھے اور ناممکن کام ممکن ہوا۔ اس کے علاوہ عالمی برادری نے انسانی ہمدردی کے تحت ایک مثالی کردار ادا کیا ۔جس نے پاکستانی قوم اور کشمیری عوام کے دل جیت لیئے۔ ہمیں ایک نئی امید کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا اور قدرتی آفات سے نمٹنے اور نقصان کو کم سے کم کرنے کیلئے آگاہی فراہم کرنا ہوگی ۔ جن ممالک نے اس سانحہ میں ہماری مدد کی ان کی خدمات کویادرکھا جائیگا ۔ حکومت اسوقت تک چین سے نہیں بیٹھے گی جب تک متاثرہ علاقو ں کی بحالی کو سو فیصد یقینی نہیں بنایا جاتا ۔شہدائے زلزلہ کی برسی کے موقع پر اپنے پیغا م میں انہوںنے کہا کہ 2005میں ہونے والے زلزلہ کے بعدآزاد خطہ میں تعمیر و ترقی اور متاثرین کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے ۔ اجڑی بستیاں آبادیوں میں تبدیل ہو چکی ہیں ۔ کھنڈرات کا منظر پیش کرنے والی سڑکوں کی جگہ شاہرات نے لے لی ہے ۔ تعلیمی اداروں کی عالیشان عمارتیں تیار ہو چکی ہیں ۔ صحت کے شعبہ میں بیرونی ممالک کے تعاون سے ہسپتالوں اور کئی دوسرے مراکز کی تعمیر مکمل جب کہ ایسے کئی پراجیکٹ کی تعمیر عالمی معیا ر کے مطابق ہو رہی ہے۔ اور جدید طبی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ رسل و رسائل کیلئے بین الاقوامی معیارکی شاہرات تعمیر کی جارہی ہیں ۔ عوام کو زندگی کی تمام بنیادی سہولتیں پہنچانے کیلئے اقدامات جاری ہیں ۔ان سب تعمیراتی سرگرمیوں میں تعمیر نو پر مامور قومی اداروں نے ایک مثالی کردار ادا کیا ہے اور کیا جا رہا ہے ۔وزیر اعظم نے کہاکہ حکومت میں آنے کے بعد تمام بین الاضلاعی شاہرات پر کام شروع کیا اور اب تمام ضلعوں میں اعلیٰ معیار کی سڑکیں بن چکی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر کے ہر شہر اور گائوں میں جدید سہولیات فراہم کرینگے ۔ اس حوالہ سے وزیر اعظم کمیونٹی انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ پروگرام شروع کیا گیا ہے تا کہ شہروں کے برابر دیہاتوں کو سہولیات میسر آسکیں۔ ۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں