علی خان چغتائی نے نامساعد حالات میں مسلم کانفرنس کا پرچم گرنے نہیں دیا، سابق وزیر علی خان چغتائی کی برسی پر سردار عتیق احمد خان اور دیگر رہنماؤں کی گفتگو

مظفرآباد ( پی این آئی) قائد آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہاہےکہ سابق وزیر حکومت اور مسلم کانفرنس کے سینئر نائب صدر علی خان چغتائی نظریاتی رہنما تھے، جنہوں نے اپنی زندگی تحریک آزادی، عوامی حقوق اور الحاق پاکستان کے لئے وقف کررکھی تھی، سابق

وزیرحکومت علی خان چغتائی کی پہلی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس ریاست جموں وکشمیر میں قائداعظم محمد علی جناح اور قائد کشمیر چوہدری غلام عباس کا سیاسی ورثہ ہے، اس جماعت نے ریاست کے مسلمانوں میں سیاسی شعور کی بیداری میں بنیادی کردار ادا کیا ہے، مسلم کانفرنس کے قائد نے کہا کہ علی خان چغتائی مسلم کانفرنس کے بانی رکن منشی علی گوہر کے سیاسی جانشین تھے اس گھرانے نے ریاست میں ڈوگرہ استبداد کے خلاف اور تحریک آزادی کو منظم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے انہوں نے کہا کہ علی خان چغتائی نے نامساعد حالات میں مسلم کانفرنس کا پرچم گرنے نہیں دیا، جب مسلم کانفرنس کو تقسیم کرنے کی کوشش ہوئی علی خان چغتائی نے پوری قوت سے اس کی مزاحمت کی، انہوں نے کہا کہ علی خان چغتائی نے اپنے حلقے کے عوام اور وزارت کے ذریعے آزاد کشمیر کے عوام کی بھرپور خدمت کی، مسلم کانفرنس کے کارکن اپنے ان اسلاف کو یاد رکھیں اور نئے عزم سے تحریک آزادی اور عوامی حقوق کے لئے کام کرنے کے لئے کمر بستہ ہوں، دنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں کو حق خود ارادیت سے محروم نہیں رکھ سکتا، دریں اثنا مسلم کانفرنس کے صدر مرزا محمد شفیق جرال ایڈووکیٹ اور سیکرٹری جنرل مسلم کانفرنس محترمہ النساء نے بھی علی خان چغتائی کی پہلی برسی کے موقع پر اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہیکہ سابق وزیر علی خان چغتائی مرحوم نظریاتی و اصولی شخصیت کے حامل تھے انہوں نے آزاد کشمیر کی سیاست میں ایک باوقار کردار ادا کیا، نظریہ تکمیل پاکستان کے لئے عمر بھر جدوجہد کی، علی خان چغتائی مرحوم مجاہد اول سردار عبدالقیوم خان کے دیرینہ ساتھی تھے وہ نظریاتی طور پر سچے اور کھرے مسلم کانفرنسی رہنماء تھے مرتے دم تک انھوں نے مسلم کانفرنس اور ریاستی عوام کے حقوق کے ساتھ وفا نبھائی، کسی لالچ اور دباؤ میں کبھی نہیں آئے، مرحوم نے اپنے حلقہ کے عوام کی بھرپور خدمات اور ترجمانی کی، تعمیر وترقی میں اہم کردار ادا کیا،سیاسی کارکنوں کو ایسے نظریاتی و باوقار رہنماؤں کی تقلید کرنی چاہیے، ہماری اللہ تعالیٰ کے حضور دعا ہے کہ اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close