مظفرآباد (پی این آئی) سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اقوام متحددہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران کشمیریوں کی وکالت کا حق ایک بار پھر ادا کیا ہے۔ وہ کشمیریوں کے حقیقی ترجمان ہیں اور سفیر ہیں۔
انہوں نے دنیا کو مسئلہ کشمیر کی سنگین صورتحال سے بھرپور اور مدلل طریقے سے آگاہ کیا ہے۔ وزیراعظم پاکستان نے دنیا کو باور کرایا ہے کہ خطہ کا امن مسئلہ کشمیر کے حل میں مضمر ہے اور بھارت کی انتہاء پسندانہ پالیسیوں کے باعث جنوبی ایشیاء کے امن کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی کامیاب خارجہ پالیسی کے نتیجہ میں جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر 3 بار اٹھایا گیا ہے جو کہ ایک تاریخ ساز کارنامہ ہے۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے جنرل اسمبلی میں تاریخی خطاب پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہ وزیراعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر پر جاندار اور دوٹوک موقف اختیار کیا جس سے دونوں اطراف میں بسنے والے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے دوٹوک انداز میں مقبوضہ کشمیر میں ایک سال سے زائد عرصہ سے جاری لاک ڈاؤن، ماورائے عدالت کشمیریوں کے قتل عام، انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں اور کشمیریوں کے خلاف ممنوعہ ہتھیاروں کے استعمال کو دنیا کے سامنے لایا ہے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 5 اگست 2019 کے بعد بھارت کے غیر آئینی اور غیر قانونی ہتھکنڈوں کو بے نقاب کیا اور دنیا کو بتایا کہ بھارت کشمیر پر غاصابانہ قبضے کے لئے مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی گھناؤنی کاروائیاں کررہا ہے۔ بھارت کے یہ اقدامات اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے منافی ہیں بھارت کے اس طرز عمل کا عالمی سطح پر نوٹس لیا جائے، بھارت توسیع پسندانہ ہتھکنڈوں کے ذریعے خطہ کے امن سے کھیل رہا ہے۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ عمران خان نے مظلوم کشمیریوں کے حق کی آواز پوری قوت کے ساتھ دنیا تک پہنچائی ہے یہی وجہ ہے کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف آواز بلند کررہی ہے۔ انہوں نے کہ یہ وقت ہے کہ دنیا بھر کشمیری بھارت کے خلاف مہم تیز کردیں اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت پر کسی قسم کی مفاہمت نہ کریں۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں