راولاکوٹ (پی این آئی) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے قائد اور سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا ہیکہ ہندوستان مسئلہ کشمیر کے حل سے انکار کرکے جنوبی ایشیاء کو تباہی کی طرف دھکیل دیا ہے، اقوام متحدہ نے اس مسئلے کے حل کے لئے ٹھوس اقدامات نہ کیئے گئے تو خطہ کسی بڑی تباہی کا
شکار ہو سکتا ہے، راولاکوٹ چھوٹا گلہ میں سٹیٹ یوتھ اسمبلی کے عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوا م تحریک آزاد ی کے لئے قربانیاں دے رہے ہیں، کشمیری عوام نے آزادی اور حق خودارادیت کے لئے بے تحاشہ قربانیاں دی ہیں، آج بھی بھارت کی نو لاکھ فوج مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیر رہی ہے عوام بدترین محاصرے میں ہیں عالمی ذرائع ابلاغ کا داخلہ بند ہے مودی ہٹلر بن کر کشمیری عوام اور اقلیتوں پر ظلم ڈھا رہا ہے ان حالات میں اقوا م متحدہ کا کردار اہم ہے، اقوام متحدہ کی قراردادیں میں مسئلے کے حل کی بنیاد ہیں، مگر ہندوستان ان قرار دادوں کو تسلیم نہیں کرتا، عالمی طاقتوں کو چاہیے کہ ہندوستان کو اس بات پر مجبور کریں کہ وہ کشمیری عوام کو ان کا حق دے، سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ گلگت بلتستان ریاست جموں و کشمیرکا حصہ ہے، گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے سے کشمیر پر پاکستان کا موقف کمزور ہو سکتا ہے انہوں نے کہا کہ گلگت بلستان کو حقوق دینے کے لئے اجتماعی مشاورت کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ کنٹرول لائن پر ہندوستان کی جارحیت اور بلا اشتعال فائرنگ خطرے کی گھنٹی ہے یہاں پھیلنے والی کشیدگی تین ایٹمی طاقتوں کے درمیان جنگ کی شکل اختیار کر سکتی ہے اس لئے مسئلہ کشمیر کو منصفانہ بنیاد پر حل کیا جانا چاہیے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں