آزاد کشمیر کا سیاسی منظر تبدیل ہونے لگا، پیپلز پارٹی کے سابق سینئر نائب صدر و سابق وزیر حکومت سردار محمد حسین سینکڑوں ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی کشمیر میں شامل ہو گئے

اسلام آباد( پی این آئی)بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی گزشتہ دو روز سے جاری تباہ کن باؤلنگ میں مزید تیزی، پیپلز پارٹی کے سابق سینئر نائب صدر و سابق وزیر حکومت سردار محمد حسین اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی کشمیر میں شامل ہو گئے۔اس بات کا اعلان انھوں نے آج یہاں پی ٹی آئی کشمیر کے مرکزی

سیکریٹریٹ گلبرگ اسلام آباد میں بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی موجودگی میں ایک تقریب میں کیا۔ اس موقع پر تقریب میں مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل چوہدری مقبول احمد، سابق مرکزی سیکریٹری اطلاعات سردار امتیاز خان، پی ٹی آئی کی مرکزی ڈپٹی سیکریٹری خولہ خان مرکزی سیکریٹری اطلاعات خواتین ونگ عنبرین ترک سکینہ سدوزئی،راجہ آصف علی، کرنل (ر)راجہ ضمیر،راجہ شاہد،سردار عتیق سخاوت سدوزئی، سردار عتیق سخاوت ایڈووکیٹ،سردار ماجد شریف،راجہ ابرار منہاس،ساجد جاوید عباسی اور دیگر بھی موجود تھے۔اس موقع پرشمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم وپی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے سردار محمد حسین کو پی ٹی آئی کشمیر میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کا سیاسی نقشہ تبدیل ہو چکا ہے اور مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی اب قصہ پارینہ بن چکے ہیں اور اب آزاد کشمیر کے باضمیر، بااصول اور با اثر شخصیات پی ٹی آئی کشمیر کے پلیٹ فارم پر جمع ہو رہی ہیں جو کہ عوام کی طرف سے ایک واضح پیغام ہے کہ لوگ وزیر اعظم عمران خان کی کشمیر پر کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جسطرح فاروق حیدر اور چوہدری مجید نے نچلے لیول تک جاکر کرپشن کی عوام انہیں اسکا جواب اب ووٹ کی پرچی کے ذریعے دیں گے۔جسطرح سردار محمد حسین خان نے پی ٹی آئی کشمیر میں غیر مشروط شمولیت اختیار کی ہے یہ اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ عوام پی ٹی آئی کشمیر کا ساتھ دینا چاہتے ہیں اور آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کشمیر کی حکومت دیکھنا چاہتے ہیں۔ اس موقع پرتقریب سے سردار محمد حسین خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں وزیر اعظم عمران خان کے ویژن سے متاثر ہو کر پی ٹی آئی کشمیر میں شامل ہو رہا ہوں اورمیں بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی قیادت میں عوام کو حقوق دلوانے کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھوں گا اور عام آدمی کی حالت زار بہتر بنانے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھوں گا۔میری شمولیت سے نہ آزاد کشمیر بلکہ پونچھ اور سدھنوتی میں بھی خوشگوار تبدیلی آئیگی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں