آزاد کشمیر گزشتہ دو دھائیوں سے پولیو فری ،بیس سالوں میں کوئی کیس سامنے نہیں آیا،محمد فاروق حیدر خان

مظفر آباد (این این آئی)وزیراعظم آزادجموںوکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر گزشتہ دو دھائیوں سے پولیو فری ہے،بیس سالوں میں آزادکشمیر کے اندر پولیو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا،آزادکشمیر کو پولیو فری بنانے میں محکمہ صحت نے حکومت کا بھرپور ساتھ دیا اور ہیلتھ ورکرز نے اس

سلسلہ میں گراں قدر خدمات سر انجام دی ہیں جس پر آزادکشمیر بھر کے ہیلتھ ورکرز کو مبارک باد پیش کرتا ہوں،آزادکشمیر کے پولیو فری سٹیٹ کا درجہ برقرار رکھنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔والدین اور اساتذہ آزادکشمیر کو پولیو فری سٹیٹ برقرار رکھنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں ، اس حوالہ سے بھرپور آگاہی مہم چلائی جائے۔ آزادکشمیر میں آج سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے حوالہ سے وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ انسداد پولیو مہم کو کامیاب کرنے کے لیے شعبہ صحت،ڈویڑ نل وضلعی انتظامیہ ، پولیس اور تمام متعلقہ ادارے اپنا بھرپورکردار ادا کریں اورانٹری پوائنٹس سمیت تمام پبلک مقامات پر بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے ۔ وزیر اعظم آزادکشمیر کو بتایا گیا کہ انسداد پولیو مہم کیلئے موبائل ٹیمز، ٹرانزٹ پوائنٹس اور یونین کونسلز کی سطح پر ٹیمیں ترتیب دیدی گئی ہیں ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ ٹارگٹ کو بہر صورت پورا کیا جائے اور کوئی بچہ قطرے پینے سے محروم نہ رہے ۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ صحت میں اصلاحات اور عوام الناس کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جس کے لیے جملہ وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں آزادکشمیر کے اندر صحت کے شعبہ میں اصلاحات اور بہتری کے لیے حکومتی سطح پر مزید اقدامات اٹھائے جائیں گے تاکہ عوام کو مزید بہتر طبی سہولیات میسر آ سکیں ۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close