پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کا اہم اجلاس کل جمعرات کو ہوگا، آزاد کشمیر کے عام انتخابات، تمام حلقوں میں ورکرز کنونشن کے انعقاد اور مستقبل کی حکمت عملی طے کی جائیگی

مظفرآباد (آئی این پی) مقبوضہ جموں وکشمیر کی صورتحال، آزاد کشمیر کے عام انتخابات، تمام حلقوں میں ورکرز کنونشن کے انعقاد، پاکستان و آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال اور مستقبل کی حکمت عملی طے کرنے کیلئے پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کاغیر معمولی اجلاس 3 ستمبر بروز جمعرات ساڑھے نو بجے اسلام آباد میں منعقد ہو گا، مرکزی عہدیداران، ٹکٹ ہولڈرز اور ممبران سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کے اہم ترین اجلاس کی صدارت پارٹی کے صدر چوہدری لطیف اکبر کریں گے، جس کی باضابطہ اطلاع معزز ممبران کو کردی گئی ہے۔ پارٹی کے صدر چوہدری لطیف اکبر اعلیٰ قیادت سے مشاورت اور اہم امور طے کرنے کے لئے دو روز قبل اسلام آباد پہنچ چکے ہیں، اجلاس میں مسئلہ کشمیر، آزاد کشمیر میں مقررہ مدت پر ہونے والے عام انتخابات اور جملہ انتخابی حلقوں میں ورکرز کنونشنز کے انعقاد سمیت اہم فیصلے کئے جائیں گے، پیپلزپارٹی کے اس اہم اجلاس کو آزاد کشمیر کی سیاسی، سماجی، صحافتی، عوامی حلقوں میں انتہائی اہمیت دی جارہی ہے جس میں ہونے والے فیصلوں کے بعد تمام سیاسی جماعتیں اس کی تقلید میں اپنی اپنی مستقبل کی منصوبہ بندی پر توجہ دیں گی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close