دہشت گردی کی پے در پے وارداتوں کے بعد پاکستان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا اور پاکستان نے افغانستان میں دہشت گردوں کے 7 ٹھکانوں پر کارروائیاں کرکے انہیں ملیا میٹ کر دیا۔
پاکستان کی جانب سے افغانستان میں دہشت گرد ٹھکانوں پر جوابی کارروائی کی گئی جس میں خوارج اور دہشت گردوں کے 7 کیمپوں اور ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، ان کارروائیوں میں 28 دہشت گرد ہلاک اور 50 زخمی ہوئے ہیں۔ وزارت اطلاعات کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کی گئی، پاکستان کے پاس حتمی شواہد ہیں کہ اسلام آباد مسجد، باجوڑ اور بنوں میں دہشت گردی کی کارروائیاں خوارج نے افغانستان میں موجود قیادت اور ہینڈلرز کے اشارے پر کیں۔
وزارت اطلاعات کا کہنا ہے کہ افغان سرزمین کا پاکستان کے خلاف استعمال بند کیا جائے، دوحا معاہدے پر عملدرآمد ناگزیر ہے، جس کے لیے عالمی برادری کردار ادا کرے۔ وزارت اطلاعات کے مطابق باجوڑ اور بنوں حملوں کے پیچھے افغانستان میں موجود خوارج قیادت ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان اب دہشت گردوں کے خلاف ان کی موجودگی کے مقام سے قطع نظر بلا رعایت کارروائیاں کرے گا۔ طالبان حکومت افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکنے میں ناکام رہی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






