لاہور: پنجاب حکومت نے رمضان المبارک کے پیشِ نظر عوام کے لیے بڑے ریلیف کا اعلان کرتے ہوئے گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی خوشخبری دے دی۔
حکومت اور پاکستان گھی ملز مالکان کے درمیان اہم ملاقات کے بعد طے پایا کہ رمضان کے دوران تمام برانڈز پر 10 سے 16 روپے فی کلو/لیٹر رعایت دی جائے گی۔ یہ فیصلہ معاونِ خصوصی برائے وزیرِ اعلیٰ پنجاب سلمیٰ بٹ اور ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی گھی ملز مالکان سے ملاقات کے بعد سامنے آیا۔ حکام کے مطابق انڈسٹری نے یقین دہانی کرائی ہے کہ عالمی مارکیٹ میں پام آئل کی قیمتیں کم ہوتے ہی فوڈ اتھارٹی کی مشاورت سے اس کا براہِ راست فائدہ صارفین تک پہنچایا جائے گا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے گھی کے معیار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مارکیٹ میں معیاری مصنوعات کی فراہمی کے لیے جدید نظام متعارف کرایا جا رہا ہے۔ ٹرانس فیٹی ایسڈ کم کرنے کے لیے مؤثر اور کم لاگت طریقے اپنائے جائیں گے جبکہ ٹیسٹنگ کے عمل کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ناقص گھی سپلائی کرنے والے یونٹس کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی۔ ادھر جہاں گھی اور آئل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا گیا ہے، وہیں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں اچانک سینکڑوں روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس سے عام آدمی کے بجٹ پر دباؤ بڑھنے کا خدشہ ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ 2026 میں پاکستان میں مہنگائی کی شرح 5.1 فیصد رہنے کا امکان ہے، جو گزشتہ برسوں کے مقابلے میں نسبتاً بہتری کی علامت قرار دی جا رہی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






