رمضان سے قبل بڑا ریلیف: کن گھرانوں کو ملیں گے 12,500 روپے؟

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے کم آمدنی والے گھرانوں کے لیے رمضان سپورٹ پیکج 2026 کی منظوری دے دی۔ اس پیکج کے تحت ہر مستحق خاندان کو اوسطاً 12 ہزار 500 روپے فراہم کیے جائیں گے۔

یہ فیصلہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے 47ویں اجلاس میں کیا گیا۔ مشیر خزانہ مزمل اسلم کے مطابق وزیراعلیٰ کی ہدایت پر رواں سال 10 لاکھ 63 ہزار کم آمدنی والے افراد کو رمضان پیکج سے مستفید کیا جائے گا۔ صوبائی حکومت نے یاد دلایا کہ 2024 میں پہلی مرتبہ فی خاندان 10 ہزار روپے دیے گئے تھے، جبکہ بڑھتی مہنگائی کے پیش نظر اس سال پیکج میں 25 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

کابینہ اجلاس میں متعدد دیگر اہم فیصلوں کی بھی منظوری دی گئی، جن میں قرآن بورڈ کی ازسرنو تشکیل، نیشنل کمیشن برائے اقلیتی حقوق کے ارکان کی تقرری، لیویز شہدا کے لواحقین کے لیے 385 ملین روپے کی اضافی گرانٹ، اور جنوبی اضلاع میں پولیس انفراسٹرکچر منصوبوں کے لیے مزید فنڈز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ضلع ٹانک میں نئی تحصیل کے قیام، اولڈ ایج بینیفٹس ادارے کے بورڈ آف ٹرسٹیز کی تشکیل نو، ڈی ایچ کیو ٹیچنگ اسپتال ڈی آئی خان کے لیے اضافی گرانٹ، 9 طبی کیسز میں مالی معاونت، اور نوشہرہ کے کیٹگری ڈی اسپتال کی اپ گریڈیشن لاگت میں اضافے کی منظوری بھی دی گئی۔

کابینہ نے 958 ہائی اور ہائرسیکنڈری اسکولوں میں آئی ٹی لیبز کو فعال بنانے، آن لائن تعلیم کے پائلٹ منصوبے کی لاگت میں اضافے، خواتین کو بااختیار بنانے کی پالیسی 2026 تا 2030، کالاش میرج بل 2025، اور ہندو میرج ترمیمی بل 2025 کی بھی منظوری دی۔ اجلاس میں ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ میں فروٹ اینڈ ویجیٹیبل مارکیٹ کی تعمیر، مردان میں قبرستان کے لیے زمین کے حصول، ایبٹ آباد میں گورنمنٹ ہائی اسکول جھنگی کے لیے زمین کی منتقلی، اور ہزارہ ڈویژن میں لائیو اسٹاک کے ذریعے روزگار بہتری منصوبے میں نظرثانی کی بھی منظوری دی گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close