بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے متعدد حملے ناکام بنا دیے گئے ہیں، جن میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس کے 10 جوان شہید ہوئے۔
بدقسمتی سے گوادر میں ایک بلوچ مزدور خاندان کے 5 افراد بھی دہشت گردانہ کارروائیوں میں جان کی بازی ہار گئے، جن میں ایک خاتون اور تین بچے شامل تھے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، حملوں کے دوران فورسز نے دہشت گردوں کا بھرپور مقابلہ کیا اور متعدد دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کا تعاقب جاری ہے اور مزید کارروائیوں میں بھی ہلاکتیں اور نقصانات کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی کی تعریف کی، شہداء کے بلند درجات کے لیے دعا کی اور ان کے اہلِ خانہ کے صبر کی تمنا کی۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے تک پاکستان کے تحفظ کے لیے جنگ جاری رہے گی اور پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی بلوچستان میں دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کی اور سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بہادر سپوتوں نے بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا اور قوم کو اپنے شہداء پر فخر ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






