پاکستانیوں کےلیے خوشخبری، سب سے بڑا رمضان ریلیف پیکج لانے کی تیاریاں

پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری، حکومت تاریخ کا سب سے بڑا رمضان ریلیف پیکج لانے کی تیاریاں کر رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت اس بار رمضان میں 110 ارب روپے سے زائد کے ریلیف پیکج کا اعلان کرے گی، جس سے رواں سال تقریباً ایک کروڑ شہریوں کو سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ وزیراعظم نے رمضان میں زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ ماہانہ 50 ہزار روپے سے کم آمدن رکھنے والے افراد کو رمضان ریلیف پیکج میں شامل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے، اور وفاق کی جانب سے اس کے لیے 30 ارب روپے سے زائد مختص کرنے پر غور جاری ہے۔

حکام کے مطابق پنجاب حکومت نے رمضان ریلیف پیکج کے لیے 45 ارب روپے مختص کیے ہیں، جبکہ سندھ کی حکومت بھی رمضان ریلیف کے لیے 25 ارب روپے مختص کرنے پر غور کر رہی ہے۔

خیبر پختونخوا حکومت بھی 10 سے 13 ارب روپے کے رمضان ریلیف پیکج پر کام کر رہی ہے، جبکہ وفاق کی جانب سے گزشتہ رمضان میں 20 ارب روپے جاری کیے گئے تھے۔

وزارت خزانہ، وزارت صنعت اور وزارت تخفیف غربت رمضان ریلیف پیکج پر ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہیں، اور درآمد شدہ چینی بھی رمضان بازاروں میں رعایتی نرخ پر دستیاب ہوگی۔ رمضان ریلیف پیکج کے لیے 8070 ایس ایم ایس سروس پر رجسٹریشن کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ رمضان ریلیف پیکج میں شامل کرنے کے لیے بی آئی ایس پی کے ڈیٹا سے مدد لی جائے گی، جبکہ وزیراعظم نے بی آئی ایس پی سے ہٹ کر بھی مستحقین کو پیکج میں شامل کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close