اسلام آباد: پاکستان اور صومالیہ کے درمیان سفارتی پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے ویزا شرط ختم کرنے کا معاہدہ طے پا گیا۔
صدر مملکت آصف زرداری اور صومالیہ کے وزیر داخلہ علی یوسف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں پاک-صومالیہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور، اور قانون نافذ کرنے والے اداروں اور فوجداری انصاف میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں منشیات اسمگلنگ اور منظم جرائم کے خلاف دوطرفہ تعاون پر بھی غور کیا گیا۔ صدر زرداری نے اس موقع پر پاکستان کی عزم کا اعادہ کیا کہ وہ صومالیہ کے ساتھ روابط کو مزید مضبوط بنائے گا۔
معاہدے پر صومالیہ کے وزارت خارجہ کے سیکرٹری حمزہ عدن اور پاکستان کے سپیشل سیکرٹری داخلہ نے دستخط کیے۔ ملاقات میں وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری بھی موجود تھے۔ صدر زرداری نے افریقہ کی عالمی جغرافیائی و سیاسی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان صومالیہ کے ساتھ قریبی اور مضبوط تعلقات کا خواہاں ہے۔ صومالیہ کے وزیر داخلہ علی یوسف نے پاکستانی دستوں کی یو این مشن میں قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ پاکستان صومالیہ کا دیرینہ قابل اعتماد شراکت دار اور بھائی ہے۔
یہ ملاقات گزشتہ 35 سال میں صومالیہ کے ساتھ پاکستان کا پہلا دوطرفہ سرکاری دور تھا، جس نے دونوں ممالک کے تعلقات میں نئی مضبوط بنیاد قائم کی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






