اہم فیصلہ، لوڈشیڈنگ ختم

کوئٹہ: شدید سردی کی لہر اور عوامی شکایات کے پیش نظر کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے سرد علاقوں میں ایک ہفتے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے، تاکہ شہریوں کو سخت موسم میں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

کیسکو کے ترجمان کے مطابق یہ فیصلہ بڑھتی ہوئی سردی اور عوامی مشکلات کو مدِنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے، جس کا اطلاق نہ صرف کوئٹہ بلکہ مکران ڈویژن، سبی اور نصیر آباد کے علاقوں پر بھی ہوگا۔ ترجمان نے بتایا کہ بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ٹیمیں الرٹ رہیں گی۔

واضح رہے کہ کوئٹہ میں حالیہ دنوں کے دوران ریکارڈ توڑ سردی نے معمولاتِ زندگی مفلوج کر دیے ہیں۔ شدید ٹھنڈ کے باعث بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا تھا۔ صوبائی دارالحکومت میں سورج نکلنے کے باوجود درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے اوپر نہ جا سکا، جبکہ متعدد علاقوں میں پانی کی پائپ لائنیں جم جانے سے پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی۔ ان حالات میں کئی شہری گھروں تک محدود ہو کر رہ گئے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر سخت سردی میں بجلی اور گیس جیسی بنیادی سہولیات مسلسل فراہم کی جائیں تو مشکلات میں واضح کمی آ سکتی ہے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران سردی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close