وزیراعظم لیپ ٹاپ لون اسکیم کے تحت نوجوانوں کے لیے آسان قسطوں پر لیپ ٹاپ حاصل کرنے کا طریقہ کار سامنے آگیا۔
تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان نے وزیراعظم لیپ ٹاپ لون اسکیم 2025 کا باضابطہ آغاز کر دیا، یہ اسکیم نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی تک رسائی دینے اور ڈیجیٹل تقسیم کو کم کرنے کے لیے متعارف کرائی گئی ہے۔
اس پروگرام کے تحت طلبا، فری لانسرز اور نئے کاروباری افراد کو بغیر سود کے آسان اقساط پر لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے، تاکہ وہ بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باوجود جدید ڈیوائسز خریدنے کے قابل ہوسکیں۔
حکام کا کہنا تھا کہ یہ اسکیم پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت میں ایک اسٹریٹجک سرمایہ کاری ہے، جس کے ذریعے نوجوان آن لائن تعلیم، فری لانسنگ پلیٹ فارمز اور ای کامرس کے شعبے میں آگے بڑھ سکیں گے۔
اسکیم کے تحت درخواست گزار اپنی ضرورت کے مطابق تین درجوں میں سے قرض حاصل کر سکیں گے
بنیادی (Basic): 1 لاکھ 50 ہزار روپے
درمیانی (Medium): 3 لاکھ روپے
اعلیٰ (Advanced): 4 لاکھ 50 ہزار روپے
یہ تمام قرضے آسان ماہانہ اقساط میں کئی سال کی مدت میں واپس کیے جا سکیں گے۔
اہلیت صرف 18 سے 35 سال تک کے پاکستانی شہریوں کے لیے ہے، جن میں یونیورسٹی کے طلبا، فری لانسرز اور نوجوان پروفیشنلز شامل ہیں۔ کم آمدنی والے گھرانوں سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کو ترجیح دی جائے گی، تاہم سرکاری ملازمین اس اسکیم کے لیے اہل نہیں ہوں گے۔
درخواست دینے کے لیے امیدواروں کو درج ذیل دستاویزات تیار رکھنا ہوں گی:
قومی شناختی کارڈ (سامنے اور پچھلی سائیڈ کی اسکین کاپی)
حالیہ پاسپورٹ سائز فوٹو
آمدنی کا ثبوت (تنخواہ کی پرچی یا سرپرست کی آمدنی کا سرٹیفکیٹ)
تعلیمی اسناد یا یونیورسٹی میں داخلے کا ثبوت
فری لانسرز کے لیے آن لائن پروفائلز (فائیور، اپ ورک وغیرہ) کے لنکس
تمام درخواستیں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے آفیشل پورٹل کے ذریعے آن لائن جمع کرائی جائیں گی تاکہ شفافیت اور آسانی کو یقینی بنایا جا سکے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ وزیراعظم لیپ ٹاپ لون اسکیم 2025 نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کے مساوی مواقع فراہم کرے گی، ڈیجیٹل خواندگی کو فروغ دے گی اور انہیں علم پر مبنی صنعتوں میں عالمی سطح پر مقابلہ کرنے کے قابل بنائے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں