اسلام آباد: بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 9 مئی کے واقعے سے متعلق ضمانت منسوخی کا لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔
سپریم کورٹ میں دائر اپیل میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے ضمانت منسوخی کے خلاف درخواست کو غلط طور پر خارج کیا۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی آر میں ٹھوس شواہد موجود نہیں، 9 مئی کے واقعات میں معاونت کا الزام بے بنیاد ہے، جب کہ اس دوران وہ نیب کی حراست میں تھے، اس لیے ملوث ہونا ممکن نہیں۔ درخواست گزار نے نشاندہی کی کہ پراسیکیوشن کے بیانات باہم متضاد ہیں، جس سے کیس کی ساکھ متاثر ہوتی ہے اور مزید تفتیش کی ضرورت ہے۔ پولیس نے پانچ ماہ تک گرفتاری سے گریز کیا، جو بدنیتی کو ظاہر کرتا ہے۔ دیگر ملزمان کو ضمانت دی جا چکی ہے، جب کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف شواہد ناکافی اور پولیس کے بیانات ناقابل اعتبار ہیں۔
درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سیاسی انتقام کے تحت مقدمہ درج کیا گیا، جو آئینی حقوق کی خلاف ورزی ہے، اس لیے درخواست گزار کو ضمانت کا مکمل حق حاصل ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں