قومی بچت اسکیموں کی شرح منافع میں کمی

اسلام آباد: حکومت نے قومی بچت اسکیموں پر منافع کی شرح میں کمی کر دی ہے۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق مختلف سیونگ سرٹیفکیٹس اور اکاؤنٹس پر منافع کی شرح کم کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اسپیشل سیونگ سرٹیفکیٹ، ریگولر انکم سرٹیفکیٹ، ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹ، بہبود سیونگ سرٹیفکیٹ، پنشنرز بینیفٹ اور شہداء فیملی ویلفیئر اکاؤنٹ کی شرح منافع میں کمی کی گئی ہے۔ اسپیشل سیونگ سرٹیفکیٹ پر سالانہ منافع 10.60 فیصد سے کم کر کے 10.40 فیصد کر دیا گیا ہے، جب کہ بہبود، پنشنرز اور شہداء فیملی سرٹیفکیٹس پر شرح منافع 13.20 فیصد سے کم ہو کر 12.96 فیصد ہو گئی ہے۔

ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹ پر 9 سال کی مدت کے لیے منافع 162 فیصد سے کم کر کے 161 فیصد کر دیا گیا ہے، جب کہ دسویں سال کا منافع 204 فیصد کے بجائے 200 فیصد ہوگا۔ شارٹ ٹرم سیونگ سرٹیفکیٹ کا منافع بھی کم کر دیا گیا ہے، تاہم سیونگ اکاؤنٹ پر موجودہ 9.50 فیصد شرح منافع برقرار رہے گی۔ دوسری جانب سروا اسلامک ٹرم اکاؤنٹ اور اسلامک سیونگ اکاؤنٹ پر منافع کی شرح میں اضافہ کیا گیا ہے۔ نئی شرح منافع کا اطلاق 28 جولائی 2025 سے ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close