واٹس ایپ ہیکنگ سے بچاؤ کیلئے ایڈوائزری جاری

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے واٹس ایپ استعمال کرنے والے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ مقامی یا بین الاقوامی نمبروں سے موصول ہونے والے مشتبہ پیغامات سے ہوشیار رہیں۔

پی ٹی اے کے مطابق، سائبر مجرم جعلی واٹس ایپ آفیشل اکاؤنٹس بنا کر اور واٹس ایپ کا لوگو استعمال کر کے صارفین کو دھوکہ دہی پر مبنی پیغامات بھیج رہے ہیں۔ ان پیغامات میں اکثر ایک یو آر ایل لنک شامل ہوتا ہے، جس پر کلک کرنے سے صارف کا ذاتی ڈیٹا چوری ہو سکتا ہے یا اس کا واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک ہو سکتا ہے۔

اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ ایسے پیغامات کا واٹس ایپ سے کوئی تعلق نہیں ہوتا، اور ان میں صارفین کو اکاؤنٹ بند ہونے یا سیکیورٹی تصدیق کے نام پر خوفزدہ کیا جاتا ہے۔

پی ٹی اے نے عوام کو ہدایت دی ہے کہ وہ ان مشتبہ پیغامات کو نظر انداز کریں، کسی بھی لنک پر کلک نہ کریں، مشتبہ نمبروں کو فوراً بلاک کریں اور واٹس ایپ کے اندر موجود رپورٹنگ فیچر کے ذریعے رپورٹ بھی کریں۔

صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے واٹس ایپ ایپلیکیشن اور موبائل فون کے آپریٹنگ سسٹم کو ہمیشہ اپ ڈیٹ رکھیں، “ٹو اسٹیپ ویریفیکیشن” کو فعال کریں، اور کسی بھی مشتبہ پیغام یا لنک سے محتاط رہیں تاکہ سائبر حملوں سے محفوظ رہا جا سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close